
ٹی ٹی پی مذاکرات کی ناکامی پر بھی پاکستان کیخلاف سرزمین استعمال نہیں ہونے دینگے، طالبان
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ پاکستان کے خلاف کسی کو اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ پاکستان اور ٹی ٹی پی کے درمیان دو روز قبل مذاکرات ہوئے تھے، ہوسکتا ہے دونوں فریق کسی نتیجے پر پہنچ جائیں۔
انہوں نے کہا کہ افغان طالبان دونوں فریقین کے مابین ثالث کا کردار ادا کررہے ہیں تاہم مذاکرات میں ناکامی کی صورت میں افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
ترجمان افغان طالبان نے مزید کہا کہ قبل ازیں پاکستانی طالبان غیر معینہ مدت تک طویل جنگ بندی کا اعلان کرچکے ہیں، جس کے باعث حملوں کے سلسلہ رکا ہے، ہماری کوشش ہے کہ معاملے میں جلد از جلد کو ئی پیشرفت ہو۔
واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے جنگ بندی میں غیر معینہ مدت تک کے لیے توسیع کے اعلان کیا تھا جس کا پاکستان نے خیرمقدم کیا تھا۔