دو مہینوں کے اندر غزہ کا محاصرہ ختم نہ ہوا تو صیہونیوں کی خیر نہیں
شیعہ نیوز : تحریک حماس کے سینئر رہنما نے صیہونی حکومت کو خبردار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ دو مہینوں میں غزہ کے محاصرے کا سلسلہ ختم کر دیا جائے۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق تحریک حماس کے سیاسی دفتر کے رکن خلیل الحیہ نے پیر کو اعلان کیا ہے کہ غزہ کو کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے لئے میڈیکل ساز و سامان کی سخت قلت کا سامنا ہے اور تحریک حماس یہ ہرگز برداشت نہیں کرے گی کہ ملت فلسطین محاصرے کے ساتھ ساتھ موت کے نئے سلسلے کا سامنا کرے۔
تحریک حماس کے سینئر رہنما نے کہا کہ اس تحریک نے صیہونی حکومت کو غزہ کا محاصرہ ختم کرنے کے لئے دو مہینے کی مہلت دی ہے اور اگر اس نے دو مہینے کے اندر محاصرہ ختم نہ کیا تو استقامت اسے تمام مقبوضہ زمینوں میں نشانہ بنائے گی۔
غزہ پٹی دو ہزار چھے سے اسرائیل کے بری بحری اور فضائی محاصرے میں ہے اور اس علاقے کے لوگوں کو بہت سے سخت اور دشوار مسائل کا سامنا ہے۔
فلسطینی استقامتی گروہوں نے اعلان کیا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے مقابلے میں جہاد و شہادت اور استقامت کا سلسلہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک مقبوضہ زمینیں پوری طرح آزاد نہیں ہو جاتیں اور بدی کے مرکز کے ساتھ تعلقات کی برقراری کی سازشوں سے ملت فلسطین کا عزم و حوصلہ ہرگز کمزور نہیں ہوگا۔
استقامتی گروہوں نے دنیا کے تمام حریت پسندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات برقرار کرنے کی سازش کا مقابلہ کرنے کے لئے بڑے پیمانے پر عوامی اقدامات اور تحریک شروع کریں۔