یوکرینی سفیر کی حزب اللہ کے حکام سے ملاقات
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) لبنان میں یوکرین کے سفیر نے حزب اللہ کے شعبۂ بین الاقوامی تعلقات کے سربراہ سے ملاقات میں سید حسن نصراللہ کے یوکرین جنگ سے متعلق موقف کی قدردانی کی ہے۔
بیروت میں یوکرینی سفیر ایہور اوستاش نے جمعرات کو حزب اللہ لبنان کے شعبۂ بین الاقوامی تعلقات کے ذمہ دار عمار الموسوی سے ملاقات و گفتگو کی۔
یوکرین کے سفیر نے کہا کہ ہم سید حسن نصر اللہ کے یوکرین میں روسی فوج کے ساتھ حزب اللہ کے فوجی یا مشورتی کیڈر کے نہ ہونے پر مبنی موقف کو سراہتے ہیں۔ کی یف کے سفیر نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ یوکرین حزب اللہ کی خصوصی فوجی طاقت کے بارے میں جانتا ہے، کہا کہ ان کا ملک حزب اللہ کے اس موقف کی قدردانی کرتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ سید حسن نصر اللہ نے گزشتہ مہینے ایک تقریر میں اس تحریک کی فورسز کی یوکرین میں موجودگی کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ ہم حزب اللہ کے سپاہیوں یا مشاووں کی یوکرین میں موجودگی اور روسی فورسز کے ساتھ انکے تعاون کی خبروں کو سختی سے مسترد کرتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا تھا کہ حزب اللہ کا کوئی بھی فرد نہ مجاہد ہو یا ماہر، اس میدان جنگ یا کسی بھی دوسرے میدان جنگ میں نہیں جائے گا۔
یاد رہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوتین نے ماسکو کی سکورٹی تشویش پر مغرب کی بے توجہی پر تنقید کرتے ہوئے 21 فروری کو کہا کہ ان کا ملک دونباس علاقے میں دونتسک اور لوہانسک جمہوریاؤں کی خودمختاری کو تسلیم کرتا ہے اور پھر 24 فروری کو روسی فوج نے یوکرین کے خلاف فوجی کاروائی شروع کردی جو تاحال جاری ہے۔