فاروق آباد، مجلس علماء امامیہ کے زیراہتمام ائمہ جمعہ و جماعت کے لیے ورکشاپ کا انعقاد
شیعہ نیوز: پنجاب کے ضلع شیخو پورہ میں مجلس علماء امامیہ پاکستان کے زیر اہتمام ضلع کے آئمہ جمعہ و جماعت کیلئے امام بارگاہ حیدریہ فاروق آباد میں سہ ماہی علمی و تربیتی ورکشاپ کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ سربراہ بین الاقوامی ادارہ الباقر و سیکرٹری امور خارجہ مجلس وحدت مسلمین حجتہ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر علامہ سید شفقت حسین شیرازی کی سربراہی میں چلنے والے شعبہ تبلیغات کے ادارے مجلس علماء امامیہ پاکستان کے زیراہتمام اراکین آئمہ جمعہ و جماعت کی فکری و علمی تربیت کیلئے سہ ماہی ورکشاپس جاری ہیں۔ اس سلسلے کی گیارہویں ورکشاپ ضلع شیخوپورہ کے اراکین کیلئے منعقد ہوئی، جس میں ضلع بھر سے مبلغین امامیہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
ورکشاپ کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کی بعد مجلس علماء امامیہ پاکستان ضلع شیخوپورہ کے مسئول حجتہ الاسلام مولانا گلزار حسین فیاضی نے ابتدائی خطاب کرتے ہوئے تمام شرکاء ورکشاپ کو خوش آمدید کہا۔ ابتدائی خطاب کے بعد حجتہ الاسلام مولانا شاہد حسین عرفانی نے فقہ عملی، نکاح و طلاق کے موضوع پر درس دیا۔ اور شرکاء ورکشاپ کے فقہی سوالات کے جوابات بھی دیے۔ بعد ازاں شرکاء ورکشاپ سے فقہ عملی، تجہیز و تکفین کے موضوع پر حجتہ الاسلام مولانا ضیغم عباس چوہدری نے گفتگو فرمائی۔ ورکشاپ کے اختتام پر تمام شرکاء نے فقہ عملی، قرات نماز کے موضوع پر مباحثے میں بھرپور حصہ لیا۔ ورکشاپ کا اختتام دعائے امام زماں علیہ السلام سےہوا۔