
بدقسمتی سے اسلامی ممالک کے حکمران امریکا سے خوفزدہ ہیں اور اس کی خوشنودی چاہتے ہیں، حافظ نعیم الرحمن
شیعہ نیوز: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ اسرائیلی سفاکیت کے خلاف احتجاج کا مذاق اڑانے اور تاویلیں پیش کرنے والے دراصل مزاحمت مخالف اور امریکا کے تابع دار ہیں، استعمار کے آلہ کار کنفیوژن پیدا نہ کریں، حکمران اور اپوزیشن پارٹیوں میں ٹرمپ کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے مقابلہ جاری ہے، مخصوص لابیوں کی جانب سے حماس سے لاتعلق ہو جانے اور اسرائیل کو تسلیم کرنے کے مشورے دیے جا رہے ہیں، پاکستانیوں اور فلسطینیوں میں رشتہ ایمان اور عقیدہ کا ہے، اسرائیل کو تسلیم نہ کرنا پاکستان کی ریاستی پالیسی ہے جو قائداعظم نے وضح کی، حکمران دو ریاستی حل کی تجاویز پیش نہ کریں، اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم کو منظم کیا جائے گا، ہمیں معلوم ہے دشمن کا ہتھیار کس طرح اس کے ہی خلاف استعمال کرنا ہے، جمعہ کو ملتان میں غزہ مارچ ہوگا، 20اپریل کو اسلام آباد میں ملکی تاریخ کا سب سے بڑا مارچ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے سپیرئیر یونیورسٹی میں غزہ مارچ میں شرکت کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
امیر جماعت نے کہا کہ جماعت اسلامی اسرائیل، امریکا اور ان کے آلہ کاروں کے خلاف آواز بلند کر رہی ہے، اسرائیل کو موجودہ طاقت اسلامی ممالک کے حکمرانوں کی خاموشی کی وجہ سے ملی ہے، پاکستان، ترکی، سعودی عرب، ملائیشیا، انڈونیشیا کی حکومتیں مل کر اسرائیل کو خبردار کریں اور افواج کی پیش قدمی کا اعلان کریں تو ٹرمپ بھاگ کر ان کے پاس آئے گا اور غزہ میں جنگ بندی کرائے گا، بدقسمتی سے اسلامی ممالک کے حکمران امریکا سے خوفزدہ ہیں اور اس کی خوشنودی چاہتے ہیں، حکمران طبقہ جان لے کہ انھیں تاریخ کبھی فراموش نہیں کرے گی، مذہبی مسئلہ کے ساتھ ساتھ غزہ میں جاری مسئلہ انسانیت کا بھی ہے، اسرائیل حماس سے جنگ ہار گیا، صہیونی افواج بچوں، خواتین اور نہتے لوگوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔
امیر جماعت نے کہا کہ حماس کی مزاحمت اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق ہے، حماس 2006 میں الیکشن میں کامیاب ہوئی، حماس فلسطین کی سب سے بڑی جمہوری طاقت ہے۔ انھوں نے کہا کہ حماس نے واضح کر دیا ہے کہ وہ مٹ جائیں گے ہتھیار نہیں ڈالیں گے، یہ غیرت اور حمیت ہے، جس میں پوری انسانیت کے لیے سبق ہے، تمام امت کو حماس پر فخر ہے، حماس انسانیت دوست اور ظالم کے خلاف ڈٹ کر کھڑی ہے۔