اتحاد و یکجہتی، سینچری ڈیل کا مقابلہ کرنے کا واحد راستہ
شیعہ نیوز (پاکستانی خبر رساں ادار ہ )تہران میں حماس کے نمائندے خالد قدومی نے صدی ڈیل کا مقابلہ کرنے اور فلسطینیوں کے درمیان اتحاد اور یکجہتی برقرار کرنے کے سلسلے میں ایران کے اہم اور بنیادی کردار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی، سینچری ڈیل کا مقابلہ کرنے کا واحد راستہ ہے۔
خالد قدومی نے کہا کہ فلسطینی عوام کو بڑے چیلنجوں کا سامنا ہے فلسطینیوں کو ان کے اہداف سے دور کرنے کے لئے امریکہ اور اس کے اتحادی ممالک نت نئی سازشیں کر رہے ہیں ۔ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی سازشوں کا مقابلہ کرنے اور سینچری ڈیل کو ناکام بنانے کے سلسلے میں فلسطینی عوام اور حکام کے درمیان اتحاد اور یکجہتی وقت کی ضرورت ہے اور فلسطینیوں کو اپنے داخلی اور اندرونی اختلافات کو فراموش کرکے فلسطین کی آزادی اور بیت المقدس کی نجات کے سلسلے میں مشترکہ اور متفقہ اقدامات انجام دینے کی ضرورت ہے۔
خالد قدومی کا کہنا تھا کہ فلسطینی تنظیم حماس اور فتح کو اسرائیل جیسے مشترکہ دشمن کا سامنا ہے اسرائیل کو امریکہ جیسی سامراجی طاقت کی حمایت اور پشتپناہی حاصل ہے ۔ امریکہ نے خطے میں موجود اپنے عرب اتحادیوں کو بھی اسرائیل کے بالکل قریب کردیا ہے اور ایسی صورتحال میں فلسطینیوں کا ایک جگہ جمع ہونا اور مشترکہ دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے اتحاد و یکجہتی کا عملی طور پر مظاہرہ کرنا بہت ضروری ہے۔
حماس کے نمائندے نے فلسطین کی آزادی کے بارے میں رہبر معظم انقلاب اسلامی کے یوم قدس کے بیان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے بارے میں ایران کا کردار اساسی، بنیادی اور اہم ہے اور ایران نے اب تک فلسطین کے بارے میں عملی طور پر ٹھوس اور اہم اقدامات انجام دیئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ رہبر معظم انقلاب اسلامی اور ایرانی وزیر خارجہ نے عالمی سطح مسئلہ فلسطین کی حمایت میں اہم اور بنیادی کردار ادا کیا ہے ،ایرانی حکومت اور عوام کے احسان کو فلسطینی عوام کبھی فراموش نہیں کریں گے۔