
یو این او سیکرٹری جنرل یمن پر صیہونی حملوں سے تشویش میں مبتلا
شیعہ نیوز: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل "انٹونیو گوترش” کے دفتر نے ایک بیان جاری کیا جس میں انہوں نے یمن کی الحدیدہ بندرگاہ پر اسرائیل کے حملے پر تشویش کا اظہار کیا۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے فریقین پر زور دیا کہ وہ نہتے شہریوں اور انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانے سے گریز کریں۔ انٹونیو گوترش نے اس بیان میں غزہ میں صیہونی جرائم اور خطے میں اسرائیل کی خطرناک مہم جوئی کی جانب اشارہ کئے بغیر کہا کہ اسرائیل نے یہ حملے حوثیوں کی جانب سے کی گئی کارروائیوں کے جواب میں کئے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی میرے لئے تشویش ناک ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دوپہر صیہونی جنگی طیاروں نے یمن کی الحدیدہ بندرگاہ کو نشانہ بنایا۔ صیہونی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، یہ حملہ سینکڑوں ٹن دھماکہ خیز مواد کے حامل 20، F35 لڑاکا طیاروں کے ذریعے کیا گیا۔ دوسری جانب یمنی میڈیا نے بتایا کہ صیہونی لڑاکا طیاروں نے اس حملے میں ایک آئل ٹینک کو نشانہ بنایا جس سے آس پاس کے علاقوں میں آگ پھیل گئی۔ ایک امریکی اعلیٰ عہدیدار نے عبرانی نیوز ویب سے بات کرتے ہوئے الحدیدہ پر اسرائیل کے حملے کی تائید کی اور کہا کہ یہ حملے تل ابیب پر یمن کے ڈرون حملے کا جواب ہیں۔ یمن کی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق اس صیہونی حملے میں اب تک 3 افراد جاں بحق اور 87 زخمی ہیں۔