
9/11 کے بعد امریکا کا اتحادی بننا پاکستان کی سب سے بڑی غلطی تھی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) وزیراعظم عمران خان نے نائن الیون کے بعد امریکا کا اتحادی بننا پاکستان کی سب سے بڑی غلطی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس جنگ میں 70 ہزار پاکستانی جاں بحق ہوئے اور 200 ارب کا معیشت کو نقصان ہوا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کونسل آن فارن ریلیشنز میں گفتگو کے دوران کہا کہ نائن الیون کے بعد امریکا کے ساتھ شامل ہونا پاکستان کی سب سے بڑی غلطی تھی کیونکہ اس کی وجہ سے 70 ہزار پاکستانی جاں بحق ہوئے اس کے علاوہ بعض پاکستانی ماہرین معیشت کہتے ہیں کہ 150 ارب سے زائد اور بعض کہتے ہیں 200 ارب سے زیادہ معیشت کو نقصان ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں پاکستان کے لیے یہ بدترین وقت تھا اور اب سبق مل گیا ہے اور پاکستان کو اس بات کا پتہ ہے اور جب میٹس کہتا ہے کہ پاکستان انتہاپسند ریاست ہے تو اس کی وجہ یہی ہے کہ ہم نے پہلے جہادی پیدا کیے اور بعد میں ان کو مارنا شروع کیا اسی لیے ہم مشکلات کا شکار ہوئے۔