امریکہ کی یوکرین کو روس پر لانگ رینج میزائل سے حملہ کرنے کی اجازت
شیعہ نیوز: امریکی صدر جو بائیڈن نے یوکرین کو روس پر لانگ رینج میزائل سے حملہ کرنے کی اجازت دے دی۔
غیر ملکی میڈیا ذرائع کی رپورٹوں کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے یوکرین کو روس پر حملہ کرنے کے لیے امریکہ کی طرف سے فراہم کیے گئے لانگ رینج میزائل استعمال کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بائیڈن انتظامیہ نے لانگ رینج میزائل سے متعلق اپنی پالیسی تبدیل کرتے ہوئے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کے استعمال کی منظوری دے دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پناہ گزین ایجنسی کا واحد متبادل فلسطینی ریاست کا قیام ہے، لازارینی
فرانسیسی اخبار نے بھی رپورٹ دی ہے کہ پیرس اور لندن نے بھی اس قسم کے میزائلوں کے استعمال کی اجازت دی دے ہے۔
امریکی اخبار کے مطابق امریکی حکام کا کہنا ہے کہ روس کی جانب سے شمالی کوریا کے فوجیوں کو یوکرین میں لڑنے کی اجازت کے ردِعمل میں میزائل استعمال کی منظوری دی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پوتین پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ روس اس اقدام کو جنگ میں نیٹو کی براہِ راست مداخلت کے طور پر دیکھے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند ماہ سے یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی دور مار میزائلوں پر عائد پابندیاں ہٹائے جانے پر زور دے رہے تھے۔