
امریکہ نے ایران پر نئی پابندیاں عائد کرنے کا عمل روک دیا
شیعہ نیوز: امریکہ نے ایران پر نئی پابندیاں عائد کرنے کے عمل کو فی الحال روک دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکہ نے ایران پر نئی پابندیاں عائد کرنے کے عمل کو فی الحال روک دیا ہے۔ یہ ہدایت گزشتہ ہفتے وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ کی جانب سے جاری کی گئی۔
امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق صدر ٹرمپ کے گذشتہ دور صدارت میں ایران پر زیادہ سے زیادہ دباؤ کی جو پالیسی اختیار کی گئی تھی، وہ اب تقریباً جمود کا شکار ہوچکی ہے اور موجودہ صورتحال میں اس پالیسی میں کوئی تاثیر نظر نہیں آرہی۔
یہ بھی پڑھیں : سرگودھا، رات گئےدہشت گردوں کا شیعہ عالم دین پرگھر میں گھس کر قاتلانہ حملہ
باخبر ذرائع کے مطابق، وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ نے گزشتہ ہفتے متعلقہ اداروں کو یہ ہدایت جاری کی کہ ایران پر کسی بھی نئی پابندی سے گریز کیا جائے۔ یہ ہدایت وائٹ ہاؤس سے قومی سلامتی کونسل، محکمہ خزانہ اور محکمہ خارجہ تک پہنچی۔ اس حوالے سے مشرق وسطی سے متعلق امور پر کام کرنے والے تمام حکام کو بھی آگاہ کیا گیا ہے۔
حالیہ سیاسی منظرنامے سے اندازہ ہوتا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کے اندر بعض تبدیلیوں کی وجہ سے ایران کے خلاف سختی کی پالیسی متزلزل ہوچکی ہے۔ نیشنل سیکورٹی کونسل کے 100 سے زائد ارکان کو رخصت پر بھیجنا اور پالیسی سازی کے اختیارات میں ابہام جیسے مسائل کی وجہ سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکہ کی اس پالیسی سے سفارتی مواقع میں وسعت اور کشیدگی میں کمی کا امکان پیدا ہوا ہے، جو کہ خطے میں امن کے لیے ایک امید افزا قدم سمجھا جارہا ہے۔