
امریکی صدر ٹرمپ نے طالبان کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) قطر میں طالبان دفتر کے ترجمان سہیل شاہین کا کہنا ہے کہ امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کے روز کم از کم تیس منٹ تک ملا برادر سے ٹیلیفون پر گفتگو کی ۔
سہیل شاہین کے مطابق ملا برادر نے اس گفتگو میں کہا کہ اگر امریکہ صلح معاہدے کا پابند رہتا ہے تو واشنگٹن کے ساتھ طالبان کے مثبت تعلقات ہو سکتے ہیں۔ ملا برادر نے افغانستان سے غیر ملکی فوجیوں کے انخلا کو سبھی کے حق میں بہتر قرار دیا۔اس گفتگو میں ٹرمپ نے بھی ملا برادر کے ساتھ ہونے والی گفتگو کو مثبت قرار دیا۔
واضح رہے کہ اٹھارہ ماہ تک امریکہ اور طالبان کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ جاری رہا جو آخرکار گزشتہ ہفتے بظاہر ایک صلح معاہدے پر منتج ہوا۔
اُدھر امریکہ کی قومی سلامتی کونسل کے سابق ترجمان نے طالبان کے سینیئر رہنما کے ساتھ ہونے والی ڈونلڈ ٹرمپ کی گفتگو پر تنقید کرتے ہوئے ٹوئیٹ کیا کہ امریکی صدر طالبان کے رہنما سے فون پر بات کرتے ہیں اور امریکی عوام کو اس کی اطلاع طالبان کے ذریعہ ملتی ہے۔