امریکہ انسانیت کو تیسری عالمی جنگ کی طرف دھکیل رہا ہے: روس
شیعہ نیوز: امریکہ میں روس کے سفیر اناتولی انتونوف نے کہا ہے کہ یوکرین کو کلسٹر ہتھیاروں سے لیس کرنے کا واشنگٹن کا فیصلہ امریکہ کی مایوسی کو ظاہر کرتا ہے۔
روسی سفیر نے خبردار کیا کہ امریکہ اس کارروائی سے انسانیت کو ایک نئی عالمی جنگ کی طرف دھکیل رہا ہے۔
اناتولی انتونوف نے واضح کیا کہ یوکرین کو مغربی ہتھیاروں کی کھیپ ملنے کے باوجود یوکرین میں روس کی فوجی کارروائیوں کے اہداف کے حصول پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے روس کا مقابلہ کرنے کے لیے یوکرین کو کلسٹر بم دینے کا اعلان کیا ہے۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے CNN کو دیے گئے ایک انٹرویو میں باضابطہ طور پر تصدیق کی کہ اس ملک نے پہلی بار یوکرین کی فوج کو کلسٹر بم دینے کی منظوری دے دی ہے۔
جو بائیڈن نے دعویٰ کیا کہ یہ فیصلہ امریکی حکومت کے لیے ایک مشکل فیصلہ تھا، لیکن میں نے اور میری کابینہ نے آخر کار یہ فیصلہ کانگریس میں اتحادیوں اور ساتھیوں سے مشاورت کے بعد کیا- کیونکہ یوکرینیوں کے پاس گولہ بارود ختم ہو رہا ہے اور جوابی حملوں کیلئے انہیں اس قسم کے ہتھیاروں کی ضرورت ہے۔