امریکہ اور برطانیہ یمن میں انسانی امداد میں سب سے بڑی رکاوٹ: یمنی ترجمان
شیعہ نیوز:یمن کی قومی حکومت کے ترجمان علی القحوم نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ امریکہ اور برطانیہ نے اپنے مداخلت پسندانہ اقدامات کے ذریعے ملک میں انسانی امداد میں رکاوٹیں ڈال کر اپنے سامراجی چہرے کو ایک بار پھر عیاں کر دیا ہے۔
انہوں نے عوامی مزاحمتی تحریک انصار اللہ کے سربراہ اور یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے نگران اعلیٰ عبدالملک الحوثی کے حالیہ بیان اور انتباہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امن کا صرف ایک ہی راستہ ہے کہ انسانی معاملات کو فوقیت اور غیر ملکی افواج کو یمن سے باہر نکالا جائے۔
علی الحقوم نے یہ بات زور دے کر کہی کہ یمن سے غیر ملکی افواج کا انخلا ہمارے اقتدار اعلیٰ کا حق ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ یمن کے عوام اس معاملے میں زیادہ تاخیر برداشت نہیں کریں گے اور ان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہونے کو ہے۔
واضح رہے کہ صوبۂ الحدیدہ پر سعودی فوجی اتحاد کے حملے بھی جاری ہیں جبکہ حیس اور جبلیہ جیسے علاقوں پر شدید گولہ باری کی جا رہی ہے۔
سعودی اتحاد کے ہتھیار بند ڈرون اور جاسوس طیاروں کو بھی حیس اور دیگر علاقوں کی فضاؤں میں پروازیں بھرتے دیکھا گیا ہے۔