یوکرین کی موجودہ صورتحال کا ذمہ دار امریکہ ہے، رہبر معظم
شیعہ نیوز: پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بعثت کی مبارک تاریخ یعنی عید مبعث کے موقع پر رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اپنے براہ راست خطاب میں عید بعثت کی عالم اسلام، ایرانی قوم اور تمام حریت پسندوں کو مبارکباد پیش کی۔
آپ نے فرمایا کہ امریکہ دنیا میں بحران پیدا کر کے ان بحرانوں سے فائدہ اٹھاتا ہے اور یوکرین کا بحران اس کی زندہ مثال ہے اور امریکہ نے یوکرین کو بحران سے دوچار کر دیا۔
آیت اللہ خامنہ ای نے امریکا کو مسئلے کی جڑ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یوکرین تنازع کا حل مذاکرات کے ذریعے ہونا چاہیئے لیکن اس تنازع کی جڑ کو نہیں بھولنا چاہیئے۔ یوکرین کی موجود صورت حال امریکا پر بھروسہ کرنے کی وجہ سے ہوئی۔
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ امریکہ مغربی ایشیا میں بحران پیدا کرنے کیلئے داعش کو وجود میں لایا اور امریکی حکام نے اعتراف کیا کہ داعش کو ہم نے بنایا۔
یوکرین جنگ کے تناظر میں گفتگو کرتے ہوئے آپ نے فرمایا کہ ہم جنگ اور خونریزی اور عوام کو پہنچنے والے جانی نقصان اور انکے قتل اور خون خرابے مخالف ہیں، چاہے وہ کہیں بھی ہو۔
رہبر انقلاب اسلامی نے یوکرین کی صورتحال کو عبرتناک قرار دیتے فرمایا کہ اس مسئلے سے دیگر ممالک کو سبق لینے کی ضرورت ہے۔
آپ نے مغربی ممالک بالخصوص امریکہ پر بھروسہ کرنے والے ممالک کو خبردار کیا اور فرمایا کہ یوکرین کے بحران نے یہ واضح کر دیا ہے کہ دیگر ممالک کی حمایت اور مدد پر مبنی امریکہ اور مغربی ممالک کے دعوے محض ایک سراب ہیں اور اس حقیقت کا اعتراف افغانستان کے سابق صدر اور یوکرین کے موجودہ صدر نے واضح طور پر کیا ہے۔