اہم پاکستانی خبریں

ہم تو علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کو اپنا لیڈر مانتے ہیں، حافظ ذیشان

شیعہ نیوز: صوبائی سیکرٹری سیاسیات مجلس وحدت مسلمین پنجاب سید حسین زیدی اور مجلس وحدت مسلمین ضلع لاہور کی خصوصی دعوت پر حلقہ PP-149 کے نامزد امیدوار حافظ ذیشان جن کا انتخابی نشان گھوڑا ہے، اپنے وفد کے ہمراہ صوبائی سیکرٹریٹ مجلس وحدت مسلمین پاکستان پنجاب لاہور آئے۔ جہاں انہوں نے ایم ڈبلیو ایم کی صوبائی اور ضلعی کابینہ کے بعض معزز اراکین سے ملاقات کی اور حلقہ PP-149 ضمنی الیکشن کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی، اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مسئولین اور کارکنان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کے پاس پہلی مرتبہ آیاہوں، مجھے یقین ہے کہ مجلس وحدت مسلمین کی حمایت سے ہی میں اپنے حلقے میں جیت سکتا ہوں۔ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی مخلصانہ کاوشیں ہم سب کے سامنے ہیں۔

حافظ ذیشان کا مزید کہنا تھا کہ ہم تو یقین جانیں، علامہ راجہ ناصر عباس کو اپنا لیڈر مانتے ہیں، وہ ایک قومی مذہبی رہنما ہیں، جو حق اور سچ کی آواز ہیں۔ اچھے وقت میں سب کوشش کرتے ہیں، ساتھ دیں مگر برے وقت میں جس طرح وہ میدان میں ڈٹے رہے، ہم سمجھتے ہیں یہ ایک حسینیؑ کردار کے مالک ہیں۔ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی وجہ سے پی ٹی آئی کے اندر بھی ایک حوصلہ پیدا ہوا۔ ہم جتنا ان کا اور ان کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کریں کم ہے۔ سید حسین شاہ زیدی صوبائی سیکرٹری سیاسیات نے کہا کہ جب سے مجھے میری ضلع لاہور کی ٹیم نے بتایا کہ آپ ہمارے صوبائی سیکریٹریٹ آ رہے ہیں میں نے اپنے مرکزی سیکرٹری سیاسیات کو فوراً اعتماد میں لیا، اگرچہ وہ کوئٹہ بلوچستان وزٹ پر تھے، مگر انہوں نے فوری طور مجھے کہا کہ 14 اپریل کو بلا لیں۔ مجھے خوشی اس بات کی ہے کہ وہ خود بھی آج اس ملاقات میں موجود ہیں۔ میری صوبائی اور ضلعی ٹیم پوری قوت کے ساتھ آپ کے حلقے میں جیسے آپ چاہیں گے ہم آپ کا ساتھ دیں گے۔

مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی نے کہا کہ ہمیں آج خوشی ہے کہ ہم آپ بھائیوں کو صوبائی سیکرٹریٹ میں ویلکم کر رہے ہیں۔ درحقیقت جس بیانیہ کو لیکر آپ میدان میں نکلے ہیں، یہ بیابیہ ہمارے بزرگوں (قائد شہیدؒ) کا ہے اور ہم اس بیانیہ میں اپنے ذمہ کا کام کر رہے ہیں۔ یہی بیانیہ ہمارا اور آپ کا مشترک ہے۔ ہم اس بیانیے پر کسی صورت غلامی قبول نہ کرنے،پاکستانی سرزمین پر کسی بیرونی ملک کے اڈے قائم نہ کرنے، آزاد خارجہ پالیسی اور داخلی خودمختاری کے بیانیے سے کسی طور روگردانی نہ کرنے، ملک پاکستان سے ظلم کے خاتمے اور انصاف کی فراہمی، مسلم ممالک کے باہمی تنازعات کا مذاکرات کے ذریعے حل نکالنے اور ان تنازعات میں فریق بننے سے مکمل گریز کرنے، پاکستان کی داخلی وحدت، سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے، پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت اور سیاسی، اقتصادی اور دفاعی خودانحصاری کیلئے مشترکہ جدوجہد کرنے، اسرائیل کے حوالے سے قائدِاعظمؒ کے فراہم کردہ رہنما اصولوں سے کسی طور روگردانی نہ کرنے، کشمیر و فلسطین پر قومی اخلاقی نکتہ نظر سے کسی قسم کا انحراف نہ کرنے، پاکستان دینا کے تمام ممالک سے برابری کی بنیاد پر تعلقات کو استوار کرنے، ملکی معاملات میں غیر ملکی مداخلت کو روکنے کیلئے آپس میں متحد اور متفق ہیں۔

اسد نقوی کا مزید کہنا تھا کہ ہم پاکستان کی سالمیت، آئین کی پاسداری پر مکمل یقین رکھتے ہیں۔ جیسا کہ میرے بھائی سید حسین زیدی صوبائی سیکرٹری سیاسیات نے کہا ہم اپنی پوری توانائی کیساتھ آپ کے حلقے میں کام کریں گے۔ آج ہماری صوبائی اور ضلعی ٹیم موجود ہے۔ ان کی باہمی ہم آہنگی کیساتھ حلقے میں بہتر کام ہو گا۔ اس موقع پر شیخ عمران علی صوبائی سیکرٹری فلاح و بہبود ایم ڈبلیو ایم صوبہ پنجاب، سید فصاحت علی بخاری صوبائی سیکرٹری مالیات، ظہیر کربلائی صوبائی آفس سیکرٹری پنجاب، نجم عباس خان ضلعی صدر مجلس وحدت مسلمین ضلع لاہور، حیدر حیدری ضلعی سیکرٹری سیاسیات ضلع لاہور، آفتاب علی ہاشمی ضلعی سنیئر نائب صدر ایم ڈبلیو ایم لاہور، رانا کاظم ضلعی نائب صدر ایم ڈبلیو ایم ضلع لاہور، نقی مھدی ضلعی جنرل سیکرٹری ایم ڈبلیو ایم ضلع لاہور، علی مھدی سماجی کارکن ضلع لاہور کے علاوہ کئی دیگر ضلعی کارکن بھی موجود تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button