ہم دفاعی پوزیشن سے نکل کر دشمن پر حملے کی پوزیشن میں آچکے ہیں: ایرانی کمانڈر
شیعہ نیوز: ایرانی فوج کے ولی عصر ڈرون یونٹ کے کمانڈر بریگیڈیئر شہرام حسن نژاد نے نیوز ایجنسی ارنا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بری فوج اور مسلح افواج جس مقام پر کھڑی ہیں وہ آٹھ سالہ مقدس دفاع کے قیمتی تجربات اور گہری سوچ کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ منفرد علوم تک رسائی اور ڈرون ٹیکنالوجی میں ہماری ترقی آٹھ سالہ دفاع مقدس کے تجربات کا نچوڑ ہے۔
بری فوج کے ولی عصر ڈرون یونٹ کے کمانڈر نے موجودہ جنگوں میں ڈرون طیاروں کے استعمال کی ضرورت اور اہمیت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی کی سفارشات کی روشنی میں ہماری دفاعی اسٹریٹیجی میں ڈرون طیاروں کے استعمال کا رجحان پیدا ہوا ہے۔
بریگیڈیئر حسین نژاد نے کہا کہ امریکی پابندیاں اور دباؤ بھی ہمارے خلاف کار گر ثابت نہیں ہوا ہے اور آج ہم ڈرون ٹیکنالوجی میں نہ صرف خود کفیل ہیں بلکہ نگرانی اور جاسوسی کے لیے استعمال ہونے والے ڈرون طیاروں سے بہت آگے نکل چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج ایران کی بری فوج کی اسٹیریٹیجی دفاع تک محدود نہیں بلکہ ہم دشمن پر حملے کی پوزیشن میں آگئے ہیں۔