
ہم نے غزہ میں 40 صیہونی فوجیوں کو ہلاک کر دیا، القسام کا دعویٰ
شیعہ نیوز: تحریک حماس کے عسکری ونگ کا کہنا ہے کہ آج وہ صہیونی افواج کے ساتھ لڑائی میں غزہ شہر کے مختلف محاذوں پر ان میں سے 40 کو ہلاک کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے خبر رساں ادارے فارس نیوز کے مطابق تحریک حماس کی عسکری شاخ القسام بریگیڈز نے اطلاع دی ہے کہ مزاحمتی قوتوں نے غزہ شہر کے مختلف محاذوں پر صیہونی حکومت کے 40 فوجیوں کو ہلاک کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ القسام نے یہ بھی وضاحت کی کہ ان جھڑپوں میں درجنوں صیہونی فوجی زخمی بھی ہوئے۔ صیہونی فوجیوں کو اینٹی پرسنل مارٹر اور براہ راست جھڑپوں میں ہلاک کیا گیا۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کچھ ایسی عمارتوں کو بھی دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا گیا، جہاں صیہونی فوجی ٹھہرے ہوئے تھے۔ القسام بریگیڈز نے ایک گھنٹہ قبل اعلان کیا تھا کہ مزاحمتی قوتوں نے خان یونس کے مشرق میں واقع علاقے "الزنہ” میں صیہونی حکومت سے تعلق رکھنے والے مرکاوا ٹینک کو نشانہ بنایا۔
القسام کا کہنا ہے کہ یہ حملہ یاسین 105 راکٹ سے کیا گیا اور اس کے بعد انہوں نے چار اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک کر دیا، جو ٹینک کے ارد گرد موجود تھے۔ مزاحمتی گروپ نے اسرائیلی بکتر بند گاڑیوں پر حملے اور اتوار کے روز کئی صیہونی عسکریت پسندوں کے قتل کا اعلان بھی کیا۔ حماس کی عسکری شاخ نے اپنے ٹیلی گرام چینل پر اعلان کیا کہ مزاحمتی جنگجو غزہ کی پٹی کے شمال میں واقع "الفلوجہ” کے علاقے میں انتہائی نزدیک سے 10 فوجیوں کو ہلاک کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ القسام نے یہ بھی اعلان کیا کہ وہ غزہ کی پٹی کے شمال میں واقع "جبالیہ” کے علاقے میں "یٰسین 105” راکٹ سے 2 اسرائیلی بکتر بند گاڑیوں کو تباہ کرنے میں کامیاب ہوگئی اور غزہ کے شمال میں "تل الزعتر” کے علاقے میں ایک اسرائیلی ٹینک کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
فلسطینی مزاحمت نے آج سہ پہر یہ بھی اعلان کیا کہ اس نے جبالیہ کیمپ کے مغرب میں تعینات اسرائیلی فوجیوں کے ایک گروپ کے ساتھ ساتھ جبالیہ کے شمال میں تعینات ایک اور فوجی گروپ پر بھی حملہ کیا۔ اسی دوران کتائب القسام نے اعلان کیا کہ مزاحمت کے سنائپرز نے الفلوجہ کے علاقے میں ایک اسرائیلی فوجی کو شکار کیا ہے۔ مزاحمتی گروہ اس بات پر زور دیتے ہیں کہ اسرائیلی فوج اپنی ہلاکتوں کی اصل تعداد کا اعلان نہیں کرتی اور اعلان کردہ ہلاکتیں اسرائیلیوں کی ہلاکتوں کی اصل تعداد نہیں ہیں۔ اب تک فلسطینی مزاحمت کار غزہ کی پٹی میں زمینی لڑائی میں درجنوں اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت اور 100 سے زائد اسرائیلی فوجیوں کے زخمی ہونے کا اعلان کرچکی ہیں۔