ہم شہید شیخ صالح العاروری کے لئے سوگوار ہیں، جہاد اسلامی
شیعہ نیوز: فلسطین کی جہاد اسلامی تحریک کے سیکرٹری جنرل نے بدھ کی صبح کہا کہ شہید صالح العاروری فلسطینی عوام کے ممتاز اور وفادار رہنماؤں میں سے ایک تھے۔
فارس نیوز کے مطابق فلسطین کی جہاد اسلامی تحریک کے سیکرٹری جنرل زیاد النخالہ نے بدھ کی صبح کہا کہ یہ تحریک حماس کے سیاسی بیورو کے نائب سربراہ شیخ صالح العاروری کی شہادت پر سوگوار ہے۔
النخالہ نے شہید العاروری کے قتل کے بارے میں وضاحت کی کہ ہم نے ایک ایسے رہنما کو کھو دیا، جو اپنی شہادت تک اپنے لوگوں کے عادلانہ جہاد پر یقین رکھتا تھا۔ شیخ العاروری فلسطینی عوام کے ممتاز اور وفادار رہنماؤں میں سے ایک تھے۔
یہ بھی پڑھیں : صالح العاروری کی شہادت سے کوئی افراتفری یا خلا نہیں ہوگا، اسماعیل ہنیہ
الجزیرہ ویب سائٹ کے مطابق، انہوں نے یہ بھی کہا کہ شیخ العاروری ایک ایسے رہنما تھے، جو اپنے اردگرد موجود افراد اور وہ افراد جو ان سے رابطے میں تھے، ان کے درمیان اعتماد و اطیمنان پھیلانے کا باعث تھے۔
خبر رساں ذرائع نے بیروت کے جنوبی مضافات میں صیہونی حکومت کے ڈرون حملے کے نتیجے میں صالح العاروری کی شہادت کی خبر دی ہے۔
لبنانی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ اس ڈرون نے حماس کے دفتر کو نشانہ بنایا، جس میں 3 افراد شہید اور 11 زخمی ہوئے۔
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک (حماس) نے باضابطہ طور پر جنوبی لبنان پر صیہونی ڈرون حملے کے نتیجے میں اس تحریک کے سیاسی بیورو کے نائب سربراہ صالح العاروری اور القسام کے دو کمانڈروں کی شہادت کی تصدیق کی ہے۔
یاد رہے کہ صالح العاروری نے کچھ عرصہ پہلے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ شہادت کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حماس تحریک میں ہم سب شہادت کے متمنی ہیں۔ شیخ احمد یاسین سے لے کر آخر تک۔۔۔ میں اب بھی اپنی توقع سے زیادہ دیر تک زندہ ہوں اور جی رہا ہوں، شہادت پر سلام۔