
ہم مشکل کی اس گھڑی میں مظلوم فلسطینیوں کیساتھ کھڑے ہیں، علامہ محمد حسین اکبر
شیعہ نیوز: اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن، ادارہ منہاج الحسینؑ کے سربراہ علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر نے فلسطین پر اسرائیلی جارحیت پر اپنے بیان میں کہا کہ ہزاروں فلسطینی مظلوموں کی شہادت گہرے رنج و غم کا سبب ہے، امت متحد ہو کر صدائے احتجاج بلند کرتے ہوئے مظلوم فلسطینیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی۔ فلسطینیوں کی مزاحمتی کارروائیاں اسرائیل کے اس ظلم کا نتیجہ ہیں جو وہ ایک عرصہ دراز سے مظلوم فلسطینیوں کے اوپر روا رکھے ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے ہمیشہ مظلوم فلسطینی مسلمانوں کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم رکھا اور ابھی جو کچھ اسرائیل فلسطین میں کرنیوالا تھا یہ اس کا دفاع ہے اور دفاع ہر کسی کا حق ہے۔
علامہ محمد حسین اکبر نے مزید کہا کہ ہم اس وقت مظلوم فلسطینیوں کیساتھ کھڑے ہیں اللہ تعالیٰ اس مشکل گھڑی میں ان کی مدد فرمائے۔ امام حسن علیہ السلام کا فرمان ہے ’’بھائی چارہ یہ ہے کہ مشکل اور آسانی میں وفا کی جائے‘‘ امت مسلمہ مل کر فلسطینیوں کی آواز بنیں ان کے شانہ بشانہ ہو کے آگے بڑھیں۔ انہوں نے تمام مسلمانان عالم سے اپیل کی کہ آج جمعہ کا دن فلسطینیوں کی حمایت میں اور اسرائیلی مظالم کیخلاف صدائے احتجاج بلند کرکے منایا جائے۔