ہم کشمیر ی عوام کا مقدمہ، عالمی عدالت میں لڑیں گے،شاہ محمود قریشی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے یکطرفہ اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے اور 5 اگست سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مکمل کرفیو نافذ ہے۔حکومت پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کا مقدمہ عالمی عدالت میں لے جانے کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے۔
زرائع کے مطابق ان خیالات کا اظہار وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارتی آئین میں ترمیم کے تمام قانونی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے، ہمارا موقف واضح، ٹھوس اور اصولی ہے، وزارت قانون اس سلسلے میں تمام تفصیلات جلد جاری کریگی۔دوسری جانب معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کا مقدمہ لڑے گا، عالمی برادری کشمیریوں کی نسل کشی روکنے کے لیے کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان 27 ستمبر کو جنرل اسمبلی میں خطاب کرنے جارہے ہیں، بھارتی وزیراعظم مودی 26 ستمبر کو جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔ادھر مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ 9ستمبر کو عالمی انسانی حقوق کمیشن میں بھی اٹھایا جائے گا۔
اطلاعات کے مطابق 9 ستمبر کو جنیوا میںہونے والے انسانی حقو ق کمیشن کے اجلاس میں شرکت کے لئے پاکستان کی سابق سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ جنیوا روانہ ہوگئی ہیں، تہمینہ جنجوعہ کشمیر یوں کی تحریک کے حق میں راہ ہموار کریں گی اور بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق رکن ممالک سے بات چیت کریں گی۔ فرانس نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے کردار کو سراہا ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے فرانسیسی وزیر خارجہ جان ایو لودریان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور مقبوضہ جموں و کشمیر سمیت خطے میں امن و امان کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔شاہ محمود قریشی نے فرانسیسی وزیر خارجہ کو مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے یکطرفہ اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی مشاورت کا عمل جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے یکطرفہ اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے اور 5 اگست سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مکمل کرفیو نافذ ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بھی عروج پر ہیں جس سے دنیا لاعلم ہے۔فرانس نے بھی کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔
فرانسیسی وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متنازع معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا۔جان ایو لودریان نے کہا کہ افغان امن عمل میں پاکستان کا مصالحانہ کردار قابل تحسین ہے۔دریں اثناء وزیر خارجہ شاہ محمود نے خارجہ محاذ پر ملک وقوم کے لئے تہمینہ جنجوعہ کی طویل خدمات کو سراہا۔انہوں نے نمائندہ خصوصی برائے سفارتی تعلقات تہمینہ جنجوعہ کو فورا جنیوا پہنچ کر اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے اور مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارت کی جانب سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اقوام عالم کے سامنے اجاگر کرنے سمیت دیگر ضروری ہدایات دیں۔