اہم پاکستانی خبریںہفتہ کی اہم خبریں

کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کی بھارتی کوششوں کا بھرپور فوجی طاقت سے جواب دیں گے

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوششوں کے سنگین نتائج مرتب ہوں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج میں اساتذہ اور افسروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہترین تربیت یافتہ پروفیشنل فوج امن کی ضامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج قوم کی حمایت سے ناقابل تسخیر فوج ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کوئٹہ پہنچنے پر کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل محمد وسیم اشرف نے آرمی چیف کااستقبال کیا۔ اس موقع پر کمانڈنٹ لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم بھی آرمی چیف کے استقبال کے لیے موجود تھے۔ خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کا دورہ کیا تھا اور عید لائن آف کنٹرول پر پونا سیکٹر میں جوانوں کے ساتھ گزاری تھی۔

اس موقع پر آرمی چیف نے فوجی جوانوں کے پیشہ وارانہ اور آپریشنل تیاریوں کو سراہا۔ آرمی چیف نے جوانوں کے بلند حوصلوں کی بھی تعریف کی۔ آرمی چیف نے بھارتی فوج کی خلاف ورزیوں کا منہ توڑ جواب دینے پر جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ اپنی رحمتوں کے ذریعے کورونا وبا سے قوم کو نجات دلائے، پاک فوج کا کلچر، ایمان، اتحاد اور تنظیم ہے۔ انہوں نے کہا کہ 27 فروری کو پاک فوج نے تاریخی کارنامہ سر انجام دیا تھا جبکہ کورونا سے محفوظ رہنے کے لیے پاک فوج کے جوان سختی سے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔

سربراہ پاک فوج نے کہا کہ پاک فوج عید کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے طور پر منا رہی ہے، دفاع پاکستان کا پیشہ وارانہ معیار اور جوانوں کا عزم وحوصلہ قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ تہواروں پر گھروں سے دور فرائض کی ادائیگی سپاہی کا اعزاز ہے جبکہ ہم بھرپور غیرمتزلزل ارادوں کے ساتھ دفاع وطن کیلئے اپنے عہد کو نبھاتے رہیں گے۔

آرمی چیف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام غیرانسانی، غیر قانونی لاک ڈاوَن میں مظالم برداشت کر رہے ہیں اور لائن آف کنٹرول پر نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا مقبوضہ کشمیر میں تشدد سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی متنازع حیثیت کو تبدیل کرنے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنائیں گے اور کسی بھی سیاسی یا فوجی جارحیت کا بھی منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ کشمیر کی حیثیت کو تبدیل کرنے کی بھارتی کوششوں کا بھرپور فوجی طاقت سے جواب دیں گے اور جنوبی ایشیا کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوششوں کے سنگین نتائج مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کسی بھی خطرے کا پوری طاقت سے جواب دینے کیلئے تیار ہے اور امید ہے عالمی برادری فوجی مبصر گروپ کی مقبوضہ کشمیر میں آزادانہ نقل و حرکت کو یقینی بنائے گی، جبکہ پاکستان نے آزادکشمیر میں عالمی ادارے کے فوجی مبصر گروپ کو مکمل آزادی دے رکھی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button