
جو قانون ہاتھ میں لے گا، قانون اپنا راستہ اپنائے گا، مریم نواز کی وارننگ
شیعہ نیوز: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سول سیکرٹریٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو قانون ہاتھ میں لے گا قانون حرکت میں آئے گا، حکومت کسی کو بھی عوام کے جان و مال سے نہیں کھیلنے دے گی۔ پی ٹی آئی قانون کے مطابق مظاہرے کرے۔ مریم نواز نے کہا کہ گرانفروشوں اور مہنگائی کرنیوالوں کیخلاف رمضان میں کریک ڈاؤن کریں گے۔ افسران کے تبادلوں کے حوالے سے مریم نواز نے کہا کہ جو درست کام کر رہا ہے اسے ٹرانسفر نہیں کیا جائے گا۔ چیف سیکرٹری اگر صحیح کام کر رہے ہیں تو کیوں تبدیل کریں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ اشیاء کی قیمتوں کے حوالے سے ایک نیا محکمہ کھڑا کر رہے ہیں، گورنینس کے مسائل کو حل کرنے میں وقت لگے گا، چیف سیکرٹری کو تمام اضلاع سے اشیاء کی قیمتیں مستحکم کرنے کا کہا ہے، وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی حکومت ہے لہٰذا ان کی تصویر درست اقدام ہے، سیاست کی آڑمیں کوئی ملک کو عدم استحکام کا شکار کرے گا، تو اس کیخلاف کارروائی ہوگی۔ پی ٹی آئی کی خاتون نے پولیس کی وین پر حملہ کیا، توڑپھوڑ کی گئی جس پر پولیس حرکت میں آئی۔