
عشق علیؑ ہی مومن اور منافق کی اولین پہچان ہے، علامہ راجہ ناصر جعفری
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مولائے کائنات، باب العلم امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام کے یوم ولادت کے موقع پر تمام محبان محمد و آل محمد علیھم السلام کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا اولاد ابی طالب ؑ سے محبت و مودت خدا تعالیٰ کا وہ خصوصی انعام ہے جو مخصوص لوگوں کے حصے میں آتا ہے۔رب کریم کا ہم جتنا بھی شکر ادا کریں کم ہے کہ اس نے ہمارے دلوں میں وصی رسول صلی للہ علیہ وآلہ وسلَّم کی محبت ڈال کر ہمیں منافقین سے الگ کر رکھا ہے۔عشق علی علیہ السلام ہی مومن اور منافق کی اولین پہچان ہے۔
انہوں نے کہا امیر المومنین علیہ السلام نے اپنے ظاہری دور خلافت میں نظام عدل کا جو نمونہ پیش کیا وہ ہر دور کے حکمرانوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ اس انصاف کی معمولی سی رمق بھی ہمارے ہاں باقی رہتی تو دنیا کی دوسری قوموں کے مقابلے میں ہم اس قدر رسوا نہ ہوتے۔
یہ خبر بھی پڑھیں ولایت علیؑ کا اقرار مسلک کا نہیں توحید کا مسئلہ ہے، علامہ امین شہیدی
فاتح خیبر، ناصر دین محمدی نے بعثت رسول کریم صلی للہ علیہ وآلہ وسلَّم سے ضربت مسجد کوفہ تک زندگی کا ہر لمحہ اسلام کی سربلندی میں بسر کیا۔انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو درپیش مسائل کا بہترین حل اہلبیت اطہار علیہم السلام کی تعلیمات سے استفادے میں مضمر ہے۔ عالمی استکباری قوتوں سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے مولائے کائنات کے جراتمندانہ طرز ذندگی کو اپنانا ہو گا۔باب العلم کی زندگی کے رہنما اصولوں کی معنویت ہر دور کے لیے برقرار ہے۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری یوم ولادت کے اس بابرکت موقع سے اگر حقیقی معنوں میں فیض یاب ہونے کی خواہش ہے تو ہمیں اس روز تجدید عہد کرنا ہو گا کہ اپنی زندگی کا ہر لمحہ اہل بیت اطہار علیہم السلام کی پیروی کرتے ہوئے رب کائنات کی خوشنودی کے حصول میں گزارا جائے گا۔