اسرائیل کے ساتھ تعلقات برقرارنہیں کریں گے: مراکشی وزیراعظم
شیعہ نیوز (پاکستانی خبر رساں ادار ہ )مراکش کے وزیراعظم سعد الدین العثمانی نے حکمراں جماعت انصاف اور ترقی کے ارکان کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مراکش، صیہونی حکومت کے ساتھ سفارتی تعلقات کو معمول پر لانے کا سخت اور بھرپور مخالف ہے۔
مراکش کے وزیراعظم نے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کی وجہ سے فلسطینیوں پر اسرائیلی ظلم و ستم میں اضافہ ہوگا اور اسرائیل کو مزید عرب علاقوں پر قبضہ کرنے کا موقع ملے گا۔
واضح رہے کہ مراکش نے 2000 میں فلسطینی انتفاضہ کے بعد اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات کو منقطع کردیا تھا۔ مراکش کی حکمراں جماعت نے اس سے قبل ایک اعلامیہ میں امارات اور اسرائیل کے درمیان سفارتی تعلقات برقرار کرنے کی بھر پور الفاظ میں مذمت بھی کی تھی۔
قابل ذکر ہے کہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے اسرائیل کے تعلقات کے قیام کی دنیا کے بیشتر اسلامی ملکوں اور فلسطینی مزاحمتی گروہوں نے شدید مذمت کی ہے۔