کشمیری حریت رہنماء یاسین ملک کی بھارتی جیل میں طبیعت ناساز
مشعال ملک نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یاسین ملک تہاڑ جیل میں مسلسل بھوک ہڑتال پر ہیں جسکی وجہ سے انکی طبیعت کافی ناساز ہے
شیعہ نیوز: نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں قید کشمیر کے حریت رہنما محمد یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ جیل میں کشمیری حریت رہنماء یاسین ملک کی جان کو شدید خطرہ لاحق ہے۔ انہوں نے بھارت سے انسانی بنیادوں پر یاسین ملک تک بحفاظت رسائی اور ملاقات کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ مشعال ملک نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یاسین ملک تہاڑ جیل میں مسلسل بھوک ہڑتال پر ہیں جسکی وجہ سے انکی طبیعت کافی ناساز رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حریت رہنما کو علاج معالجے کی سہولت سے بھی محروم رکھا گیا ہے۔ مشعال ملک نے کہا کہ حریت رہنماء یاسین ملک کی صحت کے حوالے سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو خط لکھ دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل اور اس کے سرپرست غزہ ولبنان کے مظلومین سے شکست کھا چکے ہیں،سینیٹرعلامہ راجہ ناصرعباس
مشعال ملک نے مزید کہا کہ بھارت کی مختلف جیلوں میں کشمیری قیدیوں کے ساتھ انتہائی غیر انسانی سلوک روا رکھا جاتا ہے جسکے باعث کشمیری قیدیوں کی صحت انتہائی خراب رہتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے اس حوالے سے بھارتی اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی کو بھی خط لکھا ہے کہ وہ مودی حکومت کی جانب سے کشمیری قیدیوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے اس غیر انسانی سلوک کے خلاف آواز اٹھائیں۔ مشعال ملک نے کہا کہ مودی حکومت کشمیریوں کے ساتھ انتہائی ناروا سلوک برت رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ دنیا کو بتانا چاہتی ہیں کہ بھارتی حکومت کشمیری عوام کو دھوکہ دے رہی ہے، کشمیر کا مسئلہ کشمیری عوام کی امنگوں کے عین مطابق حل ہونا چاہیے۔ اس موقع پر یاسین ملک کی صاحبزادی رضیہ سلطانہ نے بھی دنیا سے اپیل کی کہ بھارتی جیل میں قید ان کے والد کی حالت زار پر توجہ دی جائے اور انکی رہائی کے لئے کوشش کی جائے۔