یزیدی طاقتیں ملت جعفریہ کی ہمت اور استقامت کے سامنے ناکام و مایوس ہوئیں: علامہ مختار امامی
شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے نائب صدر علامہ مختار احمد امامی نے کہا ہے کہ عصر حاضر کا طاغوت، فرعون اور یزید، مقصد کربلا اور پیغام عاشورہ سے خوف زدہ ہے اور عزاداری سید شہداء کو اپنے مذموم عزائم کی تکمیل میں بڑی رکاوٹ سمجھتا ہے، شہدائے عزادری سید الشہداء نے کار حسینی انجام دیتے ہوئے آج کی کربلا میں اپنے لہو سے اپنا نام لکھوا دیا ہے۔ سندھ کے شہر دولت پور میں عشرہ محرم کی مجالس عزا سے خطاب کرتے ہوئے معروف عالم دین نے کہا کہ پاکستان بھر میں عزاداری کو نشانہ بنانے والی یزیدی طاقتیں ملت جعفریہ کی ہمت اور استقامت کے سامنے ناکام و مایوس ہوئیں۔
علامہ مختار امامی نے کہا ہے کہ انشاء اللہ جو زندہ ہیں وہ کربلا سے درس حریت لیتے ہوئے سنت زینبؑ و سجادؑ ادا کریں گے اور عزاداری کی بقاء، دوام اور پرچار کے لئے ہر قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، ہم شہادتوں سے نہیں ڈرتے، ہماری شہادتوں سے مقصد شہادت مزید نمایاں ہوتا ہے، امام حسینؑ کے عزادار اپنے لہو کے ذریعے وقت کی یزیدی طاقتوں کو شکست دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں تیاری کرنی ہوگی، منظم ہونا ہوگا، اپنی صفوں میں اتفاق اور وحدت پیدا کرنا ہوگا، دشمن جن حربوں کے ذریعے ہماری طاقتوں کو پارہ پارہ کرنا چاہتا ہے ہمیں انہی راستوں سے دشمن کے نفوذ کو روکنا ہوگا۔