
یمن کی جانب سے بن گوریون ایئرپورٹ پر میزائل حملہ
شیعہ نیوز:یمنی مسلح افواج کے ترجمان نے غزہ کے عوام کی حمایت میں تل ابیب کے بین الاقوامی بن گوریون ایئرپورٹ پر میزائل حملے کی خبر دی ہے۔ فارس نیوز کے مطابق، یمنی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحیی سریع نے اعلان کیا ہے کہ فلسطینی عوام اور ان کے مجاہدین کی حمایت اور غزہ میں صہیونی حکومت کی اجتماعی نسل کشی کے ردعمل کے طور پر تل ابیب میں ایک ہدف پر میزائل حملہ کیا گیا ہے۔ اپنے بیان میں بریگیڈیئر سریع نے کہا کہ یمن کی میزائل فورس نے ایک خاص فوجی آپریشن انجام دیا ہے اور ہائپر سونک بیلسٹک میزائل سے اللُد ایئرپورٹ (جسے اسرائیل میں بن گوریون کہا جاتا ہے) کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ آپریشن اللہ کے فضل سے اپنے ہدف تک پہنچا، جس کے باعث لاکھوں صہیونی قابضین پناہ گاہوں کی طرف بھاگے اور ایئرپورٹ پر پروازیں معطل ہو گئیں۔
یمنی مسلح افواج کے ترجمان نے تاکید کر کے کہا کہ غزہ میں روزانہ ہونے والے مظالم پر خاموشی امت مسلمہ کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہے، اور اگر اسلامی ممالک اپنی دینی، اخلاقی اور انسانی ذمہ داری پوری نہ کریں تو دشمن کے مزید حملوں کا نشانہ بنیں گے۔ بریگیڈیئر سریع نے آخر میں کہا کہ یمن کی مسلح افواج کی کارروائیاں غزہ پر حملے رکنے اور اس کا محاصرہ ختم ہونے تک جاری رہیں گی اور اللہ کے فضل سے ان میں شدت آئے گی۔ چند گھنٹے قبل انصاراللہ تحریک کے میڈیا کے ایک اعلیٰ عہدیدار نصرالدین العامر نے ایک بار پھر ایئر لائنز اور شپنگ کمپنیوں کو بن گوریون ایئرپورٹ اور حیفا بندرگاہ میں نقل و حرکت سے باز رہنے کا انتباہ دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ مقامات یمنی مسلح افواج کے اہداف کی فہرست میں شامل ہیں اور کسی بھی وقت ان پر حملہ ہو سکتا ہے، اور جب تک غزہ پر حملے اور اس کا محاصرہ جاری رہے گا، ان اور دیگر اہم اہداف پر کارروائیاں بھی جاری رہیں گی۔ اسرائیلی چینل 12 نے بھی لکھا ہے کہ سیکیورٹی اداروں کے اندازوں کے مطابق جب تک غزہ میں جنگ جاری ہے، حوثیوں کے حملے بھی جاری رہیں گے۔