یمن: عسیر میں جارح سعودی اتحاد کے ٹھکانوں پر میزائلی حملہ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) یمن کے خلاف آل سعود حکومت کی تازہ فضائی جارحیت کے جواب میں یمنی افواج نے جارح سعودی اتحاد کے ٹھکانوں پر میزائل حملے کئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یمنی فوج کے تازہ دم دستوں نے العسیر کے مضافاتی علاقوں میں سعودی کرائے کے فوجیوں کے خلاف جوابی کارروائی کی۔ یمنی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس میزائلی حملے میں جارح سعودی اتحاد کے متعدد فوجی ہلاک اور زخمی ہوگئے ۔
دوسری طرف یمنی فوج نے نجران کے علاقے الخضراء میں آل سعود کے اہلکاروں کے کانوائے پر گولہ باری کرکے متعدد بکتربند گاڑیوں کو تباہ کردیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبہ جوف کے علاقے المصلوب میں بھی یمنی فوج اور سعودی اہلکاروں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔
یمنی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یمن قوم اور قبائل فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور خون کے آخری قطرے تک ملک کا دفاع جاری رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا آل سعود کو بدترین شکست کا سامنا ہے، سعودی افواج یمنی فوج کا مقابلہ نہیں کرسکتیں یہی وجہ ہے کہ سعودی حکام دنیا بھر سے کرائے کے افراد استعمال کررہے ہیں۔
دوسری جانب یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے بحیرہ احمر میں جارح سعودی اتحاد کے ہاتھوں یمن کے آئل ٹینکروں کو روک لئے جانے کے اقدام کی مذمت کی ہے۔
انصاراللہ کے ترجمان محمدعبدالسلام نے کہا کہ جارح سعودی اتحاد کے ہاتھوں یمن کے آئل ٹینکروں کو روک لیاجانا انصاراللہ اور آل سعود کے درمیان سوئیڈن سمجھوتے کی خلاف ورزی ہے ۔