یمن جنگ میں جارح ملکوں کو بری طرح ناکامی ہوئی ہے۔ لاریجانی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا ہے کہ یمن کے خلاف بزدلانہ جنگ میں جارح ملکوں کو بری طرح ناکامی کا سامنا ہے۔
ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے پارلیمنٹ کے اجلاس میں یمن کے بارے میں ایران کے خلاف امریکی الزامات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ عشروں کے دوران علاقے کی زیادہ تر جنگ کی آگ کے شعلے امریکہ اور سعودی عرب نے بھڑکائے ہیں اور یہ ممالک ایران کے ساتھ ایٹمی معاملات کو بہانہ بنا کر اپنی کمزوریوں کو ایران کے کھاتے میں نہیں ڈال سکتے ۔
پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ علاقے سے باہر کے ممالک خلیج فارس میں فوجیوں کی تعداد میں اضافہ کرکے علاقے میں بدامنی پیدا کررہے ہیں کہا ایران مخالف اتحاد تشکیل دینے کے تعلق سے امریکہ کی سازش بھی سینچری ڈیل کی ہی طرح شکست سے دوچار ہوگی ۔
انہوں نے ایٹمی معاہدے کے بارے میں اپنے بعض وعدوں پر عمل درآمد کو روک دینے کے ایران کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی پارلیمنٹ ایٹمی معاہدے کے بارے میں اٹھائے گئے ایرانی حکومت کے تیسرے قدم کی بھی حمایت کرتی ہے ۔