یمن کی شہری آبادی پر سعودی اتحاد کے وسیع فضائی حملے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) یمنی نیوز چینل ’’المسیرہ‘‘ کی رپورٹ کے مطابق یمنی صوبہ صعدہ سعودی اتحاد کی وسیع بمباری کی زد پر ہے جبکہ یمن پر جارح سعودی فوجی اتحاد کے وسیع فضائی حملوں میں زیادہ تر یمن کی شہری آبادی ہی نشانہ بنائی جاتی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق یمن پر سعودی عرب کے تازہ فضائی حملوں میں یمنی صوبہ صعدہ کی ’’کیلو16‘‘نامی شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا ہے جس میں متعدد عمارتیں زمین بوس ہو گئی ہیں اور دسیوں بیگناہ شہری مارے گئے ہیں تاہم ہونے والے جانی و مالی نقصان کی تفصیلات موصول نہیں ہوئیں۔
یمن پر جارح سعودی فوجی اتحاد کے ہوائی حملے جو یمن اور سعودی عرب کے درمیان طے پانے والے سیز فائر کی کھلی خلاف ورزی ہے صرف صعدہ تک ہی محدود نہیں بلکہ پوری یمنی سرزمین ان حملات کی زد میں ہے۔
دوسری طرف یمنی فوج نے الحدیدہ صوبے کے شہر حیس میں سعودی عرب اور اماراتی فوج کے ٹھکانوں کو توپ کے گولوں اور راکٹوں کے ذریعے نشانہ بنایا۔
حیس شہر کے مقامی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ یمنی فوج نے سعودی اور اماراتی فوج کے مختلف ٹھکانوں پر شدید گولہ باری کی جس کے نتیجے میں سعودی اور اماراتی فوج کے کئی ٹھکانے تباہ ہوئے اور کئی فوجی ہلاک ہوئے ۔
دوسری جانب سعودی عرب کا کہنا ہے کہ یمنی فوج کی اس کارروائی میں سعودی اور امارات کے کئی فوجیوں کی ہلاکت ہوئی ہے تاہم سعودی عرب نے یمنی فوج پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے۔