یمنی کوسٹ گارڈز نے سعودی بحری جہاز کو قبضے میں لے لیا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) یمنی رضا کار فورس نے اعلان کیا ہے کہ انھوں نے تین بحری جہازوں کو قبضہ میں لے لیا ہے، جن میں سے ایک سعودی عرب جبکہ باقی دو جہاز جنوبی کوریا کے ہیں۔
یمن میں یمنی رضا کار فورس کے خلاف لڑنے والے سعودی اتحاد کے مطابق یمنی کوسٹ گارڈ نے بحریہ احمر میں کارروائی کر کے تین بحری جہازوں پر قبضہ کر لیا۔
جنوبی کوریا کی وزارتِ خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ ان کے دو جہازوں میں کشتی کھینچنے والی ٹگ بوٹ اور ایک ریت نکالنے والا ڈریجر شامل ہیں۔
دونوں جہاز جنوبی کوریا سے تعلق رکھنے والی تعمیراتی کمپنی ووجنگ ڈویلپمنٹ کی ملکیت ہیں۔ دونوں جہازوں پر عملے کے کُل 16 افراد سوار تھے جن میں سے دو کا تعلق جنوبی کوریا سے ہے جبکہ باقی افراد کی شہریت واضح نہیں۔
جنوبی کوریا کی وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں یہ بھی بتایا کہ سعودی بحری جہاز پر کم سے کم 10 افراد موجود تھے۔ بیان کے مطابق جنوبی کوریا کے دونوں شہری محفوظ ہیں اور حکومت ان کی رہائی کے لیے تمام ممکن اقدامات لے رہی ہے۔
انصار اللہ کے سینیئر کمانڈر محمد علی الحوثی نے روئٹرز کو بتایا کہ ان کے اہلکاروں نے بحر احمر میں ایک مشکوک بحری جہاز کو قبضے میں لیا ہے۔ ان کے مطابق یمنی کوسٹ گارڈز بھی اس بات کا تعین کر رہے ہیں کہ آیا یہ جہاز جنوبی کوریا کی ملکیت ہیں یا سعودی عرب کی۔
ان کے مطابق اگر تو یہ جہاز جنوبی کوریا کے ہی ہیں تو انھیں عملے سمیت قانونی کارروائی کے بعد بازیاب کر دیا جائے گا۔
انصار اللہ سے منسلک ایک یمنی ٹی وی چینل کے مطابق کوسٹ گارڈ نے تینوں بحری جہازوں کو جزیرہ عقبان کے قریب قبضے میں لیا جو کہ بحر احمر کے جنوب میں واقع ہے اور اب وہ الصلیف کی بندرگاہ پر کھڑے ہیں۔