یمن میں بم دھماکہ 3بچے شہید، خاتون سمیت 4 افراد زخمی
شیعہ نیوز: الحدیدہ میں سعودی اتحاد کے حملوں میں موقع پر نہ پھٹنے والا ایک کلسٹر بم زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس سے متعدد افراد شہید اور زخمی ہوئے۔
المسیرہ ٹیلی ویژن کے مطابق یہ بم دھماکہ کل یمن کے صوبہ الحدیدہ کے القیس دیہی علاقے میں ہوا۔ اس دھماکے میں 3 بچے موقع پر شہید جبکہ ایک عورت سمیت 4 افراد زخمی ہوئے۔
بم کا یہ دھماکہ ایسے میں ہوا کہ جب انسانی حقوق کے اداروں نے کلسٹر بموں کے استعمال کو جو 10 سال تک بھی دھماکہ کر سکتا ہے ممنوع قرار دیا ہے۔ سعودی عرب کی حکومت اس قسم کے بم متعدد بار رہائشی علاقوں پر گرا چکی ہے۔
دوسری جانب یمن کی قومی حکومت کے سیکورٹی اداروں نے انقلاب یمن کے رہنما سید عبدالملک بدرالدین الحوثی کے حکم پر بچوں کی اسمگلنگ میں ملوث بعض گینگز کا پتہ لگایا ہے ۔
رپورٹ کے مطابق، اسمگلروں کے یہ گینگز، بچوں کو جبری مشقت، جنسی استحصال اور گدا گری کی غرض سے پہلے سعودی عرب اور وہاں سے دیگر عرب ممالک میں موجود اپنے گاہگوں کو فروخت کرتے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بچوں کے اسمگلر ان کے اعضائے بدن کی فروخت کے گھناؤنے کاروبار میں بھی ملوث ہیں اور انہیں امریکی و یورپی مافیاؤں کی مکمل سپورٹ حاصل ہے۔
اسمگلروں کے ہاتھوں بچوں کی خرید و فروخت کی رپورٹیں ملنے کے بعد انقلاب یمن کے رہنما سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے ، قومی حکومت کے متعلقہ اداروں کو معاملے کی فوری چھان بین کا حکم دیا تھا۔