ملت یمن یوم شہید و شہادت کا احترام کرتی ہے: عبدالملک الحوثی
شیعہ نیوز:یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے سربراہ عبدالملک بدرالدین الحوثی نے یوم شہداء کے موقع پرخطاب کرتے ہوئے کہا کہ ظلم و جور کے خلاف جو بھی قدم اٹھایا جاتا ہے وہ انسانی اقدار کا حامل اور قابل فخر ہوتا ہے۔ سیدعبدالملک بدرالدین الحوثی نے کہا کہ یمن کے موجودہ حالات سے پتہ چلتا ہے کہ جارح سعودی اتحاد کا اپنے مقصد میں کامیاب ہونا ناممکن ہے۔انھوں نے کہا کہ قوم و ملت کے دفاع اور آزادی کے لئے یمنی فوج کا اپنی راہ پر گامزن رہنا ہر لحاظ سے برحق ، منصفانہ ، صحیح اور حکیمانہ ہے۔
سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے یاد دہانی کرائی کہ پوری دنیا ، جارح سعودی اتحاد سے کہہ چکی ہے کہ یمن کے خلاف جنگ اس کے مفاد میں نہیں ہے اور جارحین کو اس جنگ میں شکست ہوچکی ہے۔ انھوں نے کہا کہ سعودی اتحاد گذشتہ سات برس سے یمن کے خلاف جارحیت اور محاصرہ جاری رکھے ہوئے ہے لیکن حریت پسند یمنی قوم اس وحشیانہ جرائم کے مقابلے میں استقامت کی ایمانی و اخلاقی ذمہ داری کو پورا کرتی رہے گی۔
یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے سربراہ نے اپنے بیان کے آخرمیں اعلان کیا کہ یمن کی قومی حکومت امن و صلح پر یقین رکھتی ہے لیکن کسی کے سامنے گھٹنے ٹیکنے کے لئے ہرگز تیار نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ یمن میں قیام امن کے لئے جارحین کو محاصرہ اور اپنی جارحیت بند اورغاصبانہ قبضے کو ختم کرنا پڑے گا کیونکہ یمنی حکومت کسی طرح کی ایسی سازباز اور سودے بازی نہیں کرے گی جس میں یمنی قوم کا جان لیوا محاصرہ جاری رہے۔
درایں اثنا عرب میڈیا نے جارح سعودی اتحاد کے خلاف یمن کی مسلح افواج کی ڈرون کارروائی کی خبردی ہے۔ العربیہ کی رپورٹ کے مطابق جارح سعودی اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے اعلان کیا ہے کہ یمنی فوج نے صنعا ہوائی اڈے سے جنوبی سعودی عرب کے خمیس مشیط میں ایک فوجی مرکز پر ایک ڈرون حملہ کیا ہے۔ البتہ سعودی اتحاد نے ہمیشہ کی مانند اس بار بھی جھوٹا دعوی دہراتے ہوئے کہا ہے کہ خمیس مشیط میں اس ڈرون کو کارروائی سے پہلے ہی تباہ کردیا گیا ہے۔ جارح سعودی اتحاد کے ترجمان نے اپنے دعووں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کہا ہے کہ ہم بین الاقوامی قوانین کے مطابق اپنی حفاظت کے لئے لازمی اقدامات انجام دیتے رہیں گے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے جارح سعودی اتحاد کی شکست کے بعد شمال مشرقی یمن میں کئی نئے محاذ اپنے کنٹرول میں لے لئے ہیں۔ حالیہ مہینوں میں یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے مآرب سیکٹر پر جارح سعودی اتحاد کے خلاف اہم کامیابیاں حاصل کیں اور بہت سے اہم اور اسٹریٹیجک شہروں اور علاقوں کو آزاد کرالیا ہے۔ مآرب سیکٹر پر جارح سعودی اتحاد کو بھاری جانی اور مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔