جنگ بندی کی خلاف ورزی پر یمن کا سعودی اتحاد کو انتباہ
شیعہ نیوز:یمن کی قومی سالویشن حکومت کے اعلی سیاسی کونسل کے صدر، مہدی المشاط نے دفاعی امور میں وزیراعظم کے معاون خصوصی، وزیر دفاع محمد ناصر العاطفی، بری فوج کے سربراہ جنرل محمد عبدالکریم الغماری کے ساتھ ملاقات کی ۔
مہدی المشاط کا کہنا تھا کہ اگر جارح ممالک نے اقوام متحدہ کی اعلان کردہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری رکھا تو ہماری مسلح افواج، اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرنے کے لیے تیار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے دارالحکومت صنعا اور دیگر شہروں میں جاسوسی پروازیں انجام دینا جنگ بندی کی کھلی خلاف ورزی شمار ہوتا ہے۔
یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ نے سعودی اتحاد پر زور دیا کہ وہ جنگ بندی کی مکمل پابندی کرے اور خاص طور سے یمنی عوام کو درپیش انسانی مسائل اور اقتصادی مشکلات کے حل کے حوالے سے جنگ بندی کی شقوں کی پاسداری کرے ۔
یمن میں دو اپریل سے جنگ بندی کا آغاز ہوا تھا لیکن سعودی اتحاد کی جانب سے اس کی بار بار خلاف ورزی کی جارہی ہے۔
المسیرہ ٹیلی ویژن کے مطابق، سعودی اتحاد کے فوجیوں نے پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران ایک سو تئیس بار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سعودی اتحاد کے جاسوس طیاروں نے جنگ بندی کو توڑتے ہوئے ، صوربہ مآرب ، جحہ، جوف، صعدہ ، تعز، بیضا اور ضالع کے علاہ سرحدی پٹی کے علاقوں پر پروازیں کیں۔
سعودی عرب نے مارچ دوہزار پندرہ میں امریکہ، متحدہ عرب امارات اور چند دیگر ملکوں کے ساتھ مل کر یمن پر فوجی جارحیت کا آغاز کیا تھا اور اس ملک کا زمینی، فضائی اور سمندری محاصرہ کیا تھا۔
یمن کے خلاف سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کی جارحیت کے نتیجے میں ہزاروں بے گناہ یمنی شہری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں جبکہ چالیس لاکھ لوگوں کو اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔
سعودی جارحیت کے نتیجے میں یمن کا پچاسی فی صد بنیادی ڈھانچہ بھی تباہ ہوگیا ہے اور اس ملک کو غذائی اشیا اور دواؤں کی شدید قلت کا بھی سامنا ہے۔