
سعودی اتحاد کے فوجی ٹھکانوں پر یمنی فوج کا حملہ، کئی فوجی ہلاک
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا ہے کہ سعودی اتحاد کی جارحیت کے جواب میں یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے جنوبی یمن کے شہر عدن میں سعودی اتحاد کے فوجی ٹھکانوں پر حملہ کیا ہے۔
المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے جارح سعودی اتحاد کے آلہ کار عناصر کے خلاف یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے مختلف یونٹوں کی مشترکہ کارروائی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنوبی یمن کے شہر عدن میں الجلا میں سعودی اتحاد کے فوجی ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا ہے
یحیی سریع کے بقول یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے مختلف یونٹوں کی مشترکہ کارروائی میں سعودی اتحاد کے کئی فوجی ہلاک و زخمی ہو گئے جن میں متعدد فوجی کمانڈر بھی شامل ہیں۔
دریں اثنا یمن کی قومی حکومت کے وزیر دفاع نے اعلان کیا ہے کہ یمنی فوج کی میزائل اور ڈرون توانائی میں، جو دفاعی نوعیت کی ہے، مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور یمن کی حریت پسند قوم کے عزم و ارادے کی بدولت دشمن کی سرزمین میں بھی مسلسل کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں۔انھوں نے اسی طرح یمن کے خلاف جنگ اور یمنی عوام کے خلاف گذشتہ پانچ برسوں کے وحشیانہ ترین جرائم کا ذمہ دار بھی سعودی اتحاد کو قرار دیا۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں جنوبی سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں فوجی ٹھکانوں پر یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی جانب سے مسلسل اور شدید ترین میزائل و ڈرون حملے کئے گئےہیں اور یہ ایسے میں ہے کہ سعودی عرب میں تعینات پیٹریاٹ میزائل بھی ان حملوں کو ناکام نہیں بنا سکے ہیں۔