یمن کے جیالوں کا فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی
شیعہ نیوز:دارالحکومت صنعا میں لاکھوں یمنی شہریوں نے سعودی بمباری کی پرواہ کئے بغیر شہر کی سڑکوں پر ریلیاں نکالیں اور مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
المسیرہ نیوز کے مطابق یمن کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سینئر رکن محمد علی الحوثی نے ریلی کے شرکاء سے اپنے خطاب میں کہا کہ جارح سعودی عرب اپنے جنگی طیاروں کے ساتھ فلسطین کی آزادی کے لئے آگے بڑھے، ہم بھی اس کی مدد کرنے کو تیار ہیں۔
محمد علی الحوثی نے کہا کہ سعودی عرب نے فلسطینی استقامتی تحریک حماس کو دہشت گرد قرار دیا ہے کیونکہ حماس امریکہ اور صہیونی حکومت کی پالیسیوں کی مخالف ہے۔
محمد علی الحوثی نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ استقامتی محاذ کے میزائیلوں نے سینچری ڈیل کو خاک میں ملادیا ہے کہا: اسرائیلی دشمن مسجد الاقصی اور قدس شریف کے خلاف جارحیت کا ارتکاب کرتا ہے، عرب اور اسلامی امہ کو چاہیے کہ وہ فلسطینی استقامتی محاذ کے شانہ بشانہ صیہونی حملوں کا مقابلہ کرے۔
محمد علی الحوثی نے آخر میں ریلی کے شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم اس عظیم الشان ریلی میں ملت یمن کی شرکت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں کہ جنہوں نے فلسطینی قوم کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور اعلان کیا کہ قدس بہت نزدیک ہے۔