یمن کیجانب سے سعودی عرب کیساتھ قیدیوں کے تبادلے کی تیاری کا اعلان
شیعہ نیوز: یمنی قیدیوں کی کمیٹی کے سربراہ "عبدالقادر المرتضىٰ” نے خبر دی کہ صنعاء میں اقوام متحدہ کے دفتر کے ایلچی کے ڈائریکٹر "محمد الغنام” سے ملاقات میں قیدیوں کے تبادلے کے منصوبے اور اس میں درپیش رکاوٹوں کو جائزہ لیا گیا۔ عبدالقادر المرتضیٰ نے کہا کہ ہم نے اقوام متحدہ کے نمائندے کے دفتر کے ڈائریکٹر سے کہا کہ ہم مکمل طور پر اقوام متحدہ کی نگرانی میں ہونے والے گزشتہ سال کے معاہدے کی طرح حالیہ معاہدہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔ اس یمنی عہدیدار نے کہا کہ اقوام متحدہ کو چاہئے کہ وہ ہر اس عنصر پر اپنا دباؤ ڈالے جو ان معاہدوں کے حصول میں رکاوٹ ہو۔ دوسری جانب یمن کی مقاومتی تحریک "انصار الله” کے پولیٹیکل بیورو "علی القحوم” نے صنعاء اور ریاض کے مابین مذاکرات کے تسلسل کی جانب اشارہ کیا۔
علی القحوم نے کہا کہ قیام امن، جنگ بندی، انسانی حقوق کے منصوبوں کی تکمیل، بیرونی فوجوں کے انخلاء اور اقتصادی شرائط سمیت ملک کی تعمیر نو کے لئے متعلقہ حکام کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں۔ علی القحوم نے مزید کہا کہ امن کے دروازے کھلے ہیں۔ قیام امن کے لئے صنعاء کے ہاتھ کھلے ہیں اور ہماری اولین ترجیح جنگ کے نتائج سے نمٹنا ہے۔ تاہم سعودی عرب سستی کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے کیونکہ ریاض پر امریکہ کا واضح دباؤ ہے۔ واشنگٹن نہیں چاہتا کہ یہاں امن ہو۔ انہوں نے نصیحت کی کہ سعودی عرب اس فرصت کو غنیمت شمار کرے اور قیام امن کے لئے اقدامات کرے۔