زائرین حادثہ، رکن سندھ اسمبلی کا ایران میں پاکستانی سفارت خانے سے رابطہ
شیعہ نیوز: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی ہدایت پر سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن اور رکن سندھ اسمبلی جمیل سومرو نے ایران میں پاکستانی سفارت خانے سے رابطہ کیا ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے پولیٹکل ایڈوائزر جمیل سومرو نے دہشیر تفتان چیک پوسٹ کے قریب لاڑکانہ کے زائرین کو پیش آنے والے اندوہناک حادثے کی تفصیلات معلوم کیں۔ ایران میں پاکستانی سفارت خانے کے حکام نے لاڑکانہ سے رکن سندھ اسمبلی جمیل سومرو کو شہدا و زخمیوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔پی پی پی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن جمیل سومرو نے لاڑکانہ کے زائرین کو پیش آنے والے حادثے سے متعلق چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی تشویش سے پاکستانی سفارت خانے کے حکام کو آگاہ کیا۔
جمیل سومرو نے ایران میں پاکستانی سفارت خانے کے حکام سے کہا کہ پاکستانی سفارت خانے کے حکام میتوں کی منتقلی اور زخمیوں کے علاج و معالجے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ واضح رہے کہ ایران کے شہر یزد میں پاکستانی زائرین کی بس خوفناک حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 28 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد مسافر زخمی ہوگئے۔ یہ خوفناک حادثہ بس کے بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا، پاکستانی زائرین کی بس دہشیر تفتان چیک پوائنٹ کے سامنے الٹ گئی جس کے بعد بس کو آگ لگ گئی۔