پاکستانی شیعہ خبریںہفتہ کی اہم خبریں

زائرین کی مشکلات میں اضافے کی پالیسی کی حمایت نہیں کریں گے

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) حکومت کی جانب سے بنائی گئی کسی ایسی پالیسی کی حمایت نہیں کریں گے جس سے زائرین کی مشکلات میں اضافہ ہو۔ ان خیالات کا ظہار مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے وحدت ہاؤس کراچی میں جاری اجلاس سے خطاب میں کیا۔

علامہ باقر عباس زیدی نے کہا کہ زائرین کی ایسی سفری یا دستاویزاتی حکومتی پالیسی کی حمایت نہیں کی جائے گی، جس سے زائرین کی مشکلات میں اضافہ ہوتا ہو، پاکستان سے ایران اور عراق جانے والے زائرین پہلے ہی تشویش ناک صورت حال سے دوچار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام اس معاملے پر خاطر خواہ توجہ نہیں دے رہے، زائرین کے حوالے سے حکومت کی یہ سرد مہری پوری قوم کے لئے اضطراب کا باعث ہے، پاکستانی ہونے کی حیثیت سے شہری پہلے ہی بے شمار قسم کے ٹیکسز کا بوجھ اٹھائے ہوئے ہیں، زائرین اب کسی بھی اضافی بوجھ کے متحمل نہیں رہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی زائرین دوسرے ممالک میں ملک کے روشن تشخص کو اجاگر کرتے ہیں، انہیں زیادہ سے زیادہ سہولیات ملنی چاہیئے، نظم و ضبط کے نام پر زائرین کی تعداد سے مشروط کوئی قانون یا نکتہ قابل قبول نہیں ہوگا، اس ضمن میں وزارت مذہبی امور کی سفارشات کا مقصد زائرین کو غیر ضروری قوانین کے تابع کرنے کی بجائے زائرین کی مشکلات کا ازالہ ہونا چاہیئے، اس سلسلے میں سیاحت کا موجودہ قانون ہی لاگو رہنا چاہیئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ زائرین پالیسی کو حج پالیسی کے ساتھ نتھی نہ کیا جائے، کیونکہ یہ دونوں مسائل انتظامی اور افرادی اعتبار سے مختلف ہیں، ایران و عراق میں پاکستانی سفارتخانوں کے عملے کا پاکستانی زائرین کے ساتھ غیر ذمہ دارانہ طرز عمل پر متعلقہ وزارت کی طرف سے باز پُرس ہونی چاہیئے اور انہیں زائرین کے مسائل کے حل کے لئے ذمہ دارانہ کردار ادا کرنے کا پابند بنایا جائے، بلوچستان میں داخل ہونے کے لئے این او سی کی شرط سمجھ سے بالاتر اور غیر منصفانہ ہے، اس کا فوری طور پر خاتمہ از حد ضروری ہے، تفتان میں امیگریشن کے عمل میں آسانی پیدا کرنے اور تیزی لانے کی ضرورت ہے، کراچی اور سندھ کے لئے گوادر اور پسنی کا سرحدی راستہ کھولا جائے، ہوائی سفر کرنے والے زائرین کی جملہ مشکلات کا حل نکالا جائے، محرم اور صفر کے دوران پی آئی اے کے ذریعے زائرین کے لئے خصوصی پروازوں کا انتظام کرکے آسانیاں پیدا کی جاسکتی ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button