
ذاکر اہلبیت، علامہ محمد عباس قمی کو لاہور میں سپرد خاک کر دیا گیا
شیعہ نیوز: معروف ذاکر اہلبیتؑ، بحر مصائب، علامہ محمد عباس قمی لاہور میں انتقال کر گئے۔ مرحوم کی نماز جنازہ ادارہ منہاج الحسینؑ جوہر ٹاون لاہور میں علامہ رشید ترابی اور علامہ محمد علی رضا نقوی کی اقتداء میں الگ الگ ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ حسن رضا ہمدانی، علامہ حسین نقوی، شیعہ علماء کونسل کے رہنماء علامہ حافظ کاظم رضا نقوی، قاسم علی قاسمی، علامہ غلام شبیر نجفی، علامہ امجد علی نقوی، علامہ غلام کاظم اعوان، علامہ عبدالعلی عالمپوری، علامہ حسن رضا باقر، علامہ غلام مصطفیٰ نیئر علوی، علامہ حسنین اکبر، ذاکر وسیم بلوچ، ذاکر اقبال حسین بجاڑ سمیت علمائے کرام اور ذاکرین عظام سمیت عزیز و اقارب اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر مرحوم کی بلندی درجات کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ مرحوم کو ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں ادارہ منہاج الحسینؑ جوہر ٹاون میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ مرحوم علامہ محمد عباس قمی کی رسم قل کل بعد از نماز جمعہ ادارہ منہاج الحسینؑ جوہر ٹاون میں ادا کی جائے گی۔