
صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی ایران پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت
شیعہ نیوز:صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف اسرائیل کے فوجی حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین، اقوام متحدہ کے چارٹر اور علاقائی سالمیت کی صریح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ صدرِ مملکت نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ اسرائیلی فوجی حملے ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہیں، جو اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے بنیادی اصولوں کو پامال کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں اس حملے کے نتیجے میں ہونے والے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر ایرانی عوام کے ساتھ گہری ہمدردی اور افسوس کا اظہار کرتا ہوں۔ صدر زرداری نے عالمی برادری سے فوری اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ اور عالمی اداروں کو چاہیے کہ اسرائیلی جارحیت کا احتساب کریں اور صورتحال کو مزید بگڑنے سے روکنے کے لیے فوری کارروائی کی جائے۔ خطے کے امن و استحکام کے لیے بین الاقوامی برادری کو مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔