زائرین کیلیئے خوشخبری، زیارات پالیسی کو حتمی شکل دیدی گئی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) حکومت پاکستان کی جانب سے زیارات پالیسی کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزارت مذہبی امور میں وفاقی وزیر نور الحق قادری کی صدارت میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں زیارات پالیسی کو حتمی شکل دی گئی۔
وزارت مذہبی امور کے اجلاس میں وزارت خارجہ، وزارت داخلہ، بلوچستان حکومت اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے شرکت کی۔
نور الحق قادری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ ایران، عراق اور شام جانے والے زائرین کی مشکلات کم کرنے اور سہولیات دینے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
کربلا، نجف، مشہد اور دیگر مقدس شہروں میں زائرین کی سہولت کے لئے ڈائریکٹو ریٹ بنایا جائے گا جیسا کہ جدہ میں ڈائریکٹر آفس ہو گا۔
واضح رہے کہ چند ماہ قبل وزارت مذہبی امور میں ایک اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں زیارت پالیسی کی تشکیل کا اعلان کیا گیا تھا۔
وفاقی وزیر پیر نور الحق قادری کی زیر صدارت اُس اجلاس میں شیعہ قائدین اور اکابرین بشمول علامہ راجہ ناصر عباس، علامہ امین شہیدی، علامہ عارف واحدی اور غضنفر مہدی نے شرکت کی تھی ۔
اس کے علاوہ وزیر اعظم کے معاون خصوصی ذلفی بخاری ،پارلیمانی سیکرٹری برائے مذہبی امور آفتاب جہانگیراور وفاقی سیکرٹری محمد مشتاق احمد نے شرکت کی تھی۔
اُس اجلاس میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نے کہاتھا کہ امسال زائرین حج عمرہ کی مانند زیارات پر جائیں گے، حکومت زائرین کو مکمل سہولیات اور سکیورٹی فراہم کرے گی۔پالیسی کی تشکیل کے سلسلے میں شیعہ علماء کے ساتھ ملکر زیارات پالیسی مرتب کی جائے گی۔