پاکستانی شیعہ خبریںہفتہ کی اہم خبریں

صیہونی مظالم نے ساری دنیا میں اسرائیل کو رسوا کر دیا ہے، ڈاکٹر شفقت شیرازی

شیعہ نیوز: ایران کے شہر قم المقدس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ امور خارجہ کے مسئول اور مجلس علمائے امامیہ پاکستان کے سربراہ  حجۃ الاسلام ڈاکٹر شفقت شیرازی نے قائد انصار الله يمن سيد عبدالملك حوثي کے یمن میں شيعہ جعفریہ کے امور و روابط کے نمائندے علامہ سید یحییٰ طالب الشريف کے ساتھ ایک خصوصی نشست رکھی۔ نشست میں ایم ڈبلیو ایم قم کی کابینہ، موسسہ باقرالعلوم اور مجلس وحدت شعبہ امور خارجہ کے شعبہ ابلاغ عامہ کے ممبران نے شرکت کی۔ اس موقع پر میزبان حجۃ الاسلام ڈاکٹر شفقت شیرازی نے معزز مہمانوں کو حاضرین کا تعارف کرانے کے ساتھ ساتھ انہیں مجلس وحدت مسلمین کی فعالیت، اہداف اور تاریخ سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے غزہ پر اسرائیلی مظالم کے خلاف یمن کے موقف اور اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں کی مقاومت رنگ لائے گی اور اسرائیل کی شکست یقینی ہے۔ اسرائیل اندر سے کھوکھلا ہوچکا ہے اور عورتوں و بچوں پر حملے کرکے اپنی شکست کو چھپانے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔

ان کے بعد علامہ سید یحییٰ طالب الشریف کے مسئول دفتر السید سلیم المنتصر نے اپنی گفتگو میں اہل یمن اور ملت پاکستان کے درمیان محبت و اخوت اور بھائی چارے پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ استعماری طاقتیں کسی قسم کے انسانی حقوق یا انسانی زندگیوں کا احترام نہیں کرتیں۔ یمن نے اپنی خود مختاری اور آزادی کیلئے بہت زیادہ قربانیاں دی ہیں۔ فلسطین کے درد کو یمنی بہتر انداز میں سمجھتے ہیں۔ اپنے فلسطینی بھائیوں کی مدد کیلئے ہم ان کے ساتھ میدان میں کھڑے ہیں۔ ناکامی اور شکست ظالموں کا نصیب ہے۔ اسرائیل کا خاتمہ یقینی ہے۔ فلسطینیوں کی مقاومت کے باعث جلد ہی امت مسلمہ کو ایک بڑی فتح کی نوید ملے گی۔ ان کے بعد مہمان خصوصی علامہ سید یحییٰ طالب الشریف نے کہا کہ ملت پاکستان اور اہل یمن کے درمیان گہرا دینی و اسلامی رشتہ ہے۔ تمام ممالک کے مسلمانوں کو باہمی روابط اور ثقافتی تعلقات مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ اگر مسلمان آپس میں متحد ہوتے تو آج غزہ میں یوں ظلم نہ ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ اپنی مقاومت کے باعث فلسطین ہمیشہ باقی رہے گا اور فلسطینیوں پر ظلم کرنے والے اسرائیل کا خاتمہ یقینی ہے۔ ہم ہر ممکنہ طریقے سے ملت فلسطین کی حمایت اور  دفاع کرنا واجب سمجھتے ہیں۔ غزہ میں مقاومت کرکے فلسطینیوں نے شجاعت، بہادر اور دوراندیشی کی ایک نئی اور لازوال تاریخ رقم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں پائے جانے والے سارے اسلامی ممالک کو اتحاد بین المسلمین کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسرائیل کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا چاہیئے۔ حاضرین نے یمن کے حالات اور فلسطین کی حمایت کے حوالے سے معزز مہمانوں کے ساتھ سوال و جواب بھی کئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اہل یمن پاکستانی بھائیوں سے بہت محبت کرتے ہیں اور اس محبت کی جڑیں ہماری دینی ثقافت اور اسلامی تاریخ میں ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button