امریکی جارحیت سے نمٹنے کے لئے مزید جوہری ہتھیار بنائیں گے: شمالی کوریا
شمالی کوريا کے سربراہ کیم جونگ اون نے کہا ہے کہ امريکہ ہمارا سب سے بڑا دشمن ہے جس کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے مزید جوہری ہتھيار بنائیں گے۔
شمالی کوریا کے حکمراں "کیم جونگ اون” نے حکمران پارٹی کے اجلاس سے خطاب میں امریکہ کو سب سے بڑا دشمن قرار دیتے ہوئے اپنے دفاعی امور کے ماہرین کو زیادہ سے زیادہ جوہری ہتھیار تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
کیم جونگ اون نے مزید کہا کہ امریکہ کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل تیاری کی ضرورت ہے اس لیے ہم جوہری ہتھیاروں کی تیاری کو مزید فروغ دیں گے اور جوہری اثاثوں میں اضافہ کریں گے۔
شمالی کوریا کے سربراہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ امريکا کے ساتھ تعلقات ميں بہتری صرف اسی صورت میں ممکن ہے جب امریکا اپنی جارحانہ پاليسی تبديل کرے اور مسائل کو گفتگو کے ذریعے حل کرنے کے لیے راضی ہو۔
امریکی صدر ٹرمپ اور شمالی کوریا کے حکمراں کے درمیان گزشتہ برسوں میں دو اہم اور تاریخی ملاقاتیں ہوئی ہیں جب کہ ایک معاہدہ بھی طے پایا تھا تاہم اس پر عمل درآمد نہ ہو سکا تھا اور یہ ملاقاتیں بے نتیجہ ثابت ہوئیں۔
واضح رہے کہ شمالی کوریا کے سربراہ کا یہ بیان امریکہ میں نو منتخب حکومت کے آغاز کے موقع پر آیا ہے، نومنتخب صدر جو بائيڈن "کیم جونگ اون” کو ڈاکو سے تعبير کرتے ہوئے اور اُن کی ٹرمپ کے ساتھ ملاقاتوں کو تنقيد کا نشانہ بنا چکے ہيں۔