بحریہ نظام اور ملک کی عظیم صلاحیت ہے، آیت اللہ سید علی خامنہ ای
شیعہ نیوز: رہبرانقلاب اسلامی اور ایران کی مسلح افواج کے سپریم کمانڈر آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے ایرانی فوج کی بحریہ کی اسٹریٹیجک توانائیوں پر زور دیا ہے۔
ارنا کے مطابق ایرانی فوج کی بحریہ کے کمانڈروں اور اعلی عہدیداروں نے منگل کو یوم بحری افواج کی مناسبت سے رہبر انقلاب اسلامی اور مسلح افواج کے سپریم کمانڈر آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی۔
رہبر انقلاب اسلامی اور سپریم کمانڈر نے اس موقع پر اپنی گفتگو میں ایرانی فوج کی بحریہ کی بے شمار صلاحیتوں اور توانائیوں سے ملکی معیشت اور اقتصاد کے فروغ میں کام لئے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔
آپ نے تاکید فرمائی کہ بحریہ سے ملک اور نظام کے استحکام کے لئے سمندروں میں معیشت اور اقتصاد کے نئے ذخائر کی تلاش میں کا لیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں : تجارتی کشتی کو نجات دینے کا واقعہ بے بنیاد اور امریکی ساختہ ہے، انصاراللہ
رہبر انقلاب اسلامی نے 28 نومبر یوم بحریہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اس کو ایک تاریخی اور ناقابل فراموش دن قرار دیا اور فرمایا کہ اس دن کو ایرانی فوج کی بحریہ کی فداکاری کا دن کہنا چاہئے۔ آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ ایرانی فوج کی بحریہ نے ابتدائے انقلاب سے اب تک نا قابل یقین پیشرفت کی ہے۔
آپ نے فرمایا کہ انقلاب کے ابتدائی برسوں میں اپنی سمندری حدود سے باہر کی دنیا میں بحریہ کی سرگرمیاں ناقابل تصور تھیں لیکن آج ایرانی بحریہ پوری طاقت اور شجاعت کے ساتھ پوری دنیا کا چکر لگاتی ہے اور 360 درجے کا سمندری مشن سربلندی کے ساتھ پورا کرتی ہے۔
آپ نے فرمایا کہ ایک دن وہ تھا کہ یہ تصور بھی نہیں کیا جارہا تھا کہ ایرانی بحریہ کیسپین سی میں بھی موجود ہوگی لیکن آج اس سمندر میں بھی ہمارے جنگی بحری جہاز اور ڈسٹرائر موجود ہیں ۔
رہبر انقلاب اسلامی نے سمندری فوج کی توانائیوں میں زیادہ سے زیادہ اضافے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ بحریہ کو ایک ہمہ گیر اسٹریٹیجک فورس میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
اس ملاقات میں ایرانی فوج کی بحریہ کے کمانڈرنے اس فورس کی توانائیوں اور سرگرمیوں کی رپورٹ پیش کی۔