لاہور: حضرت محمدص اور امام حسن ؑ کا یوم شہادت انتہائی عقیدت و احترام کیساتھ منایا گیا
لاہور میں یوم شہادت حضرت امام حسن علیہ السلام اور ختم الانبیاء حضرت محمد مصطفیٰ صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کا یوم شہادت انتہائی عقیدت و احترام کیساتھ منایا گیا۔ لاہور میں اندرون موچی گیٹ سے یوم شہادتِ حضرت امام حسنؑ پر شبیہہ تابوت امام حسنؑ کا جلوس برآمد ہوا۔ جلوس کی برآمدگی سے قبل ممتاز عالم دین علامہ حسن ظفر نقوی نے مجلس عزاء سے خطاب کیا اور مصائب حضرت امام حسنؑ بیان کئے۔ حسینیہ ہال سے برآمد ہونیوالا شبیہہ تابوت کا جلوس اپنے روایتی راستوں ہوتا ہوا اندورن موچی گیٹ اختتام پذیر ہو گیا۔ جلوس میں عزادار نوحہ خوانی اور ماتم کرتے رہے۔ زیارت محلہ شیعاں، گجر گلی، لال کھوہ، اکبری منڈی، خرادیہ محلہ پہنچی۔ خرادی محلہ سے شبیہہ تابوت کوتوالی چوک، چوہٹہ مفتی باقر گئی، جہاں سے زیارت نثار حویلی سے ہوتی ہوئی اندرون موچی گیٹ اختتام پذیر ہوگئی۔
اس موقع پر لاہور پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ ادھر ایبٹ روڈ پر بھی یوم شہادت کی مناسبت سے شبیہ تابوت برآمد ہوئی۔ جوہر ٹاون میں ادارہ منہاج الحسینؑ میں مجلس عزا ہوئی جس سے عقیل محسن نقوی نے خطاب کیا اور شبیہ تابوتِ امام حسنؑ برآمد کروائی۔ جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا، واپس ادارہ منہاج الحسین پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ نوحہ خواں حضرات نے پرسہ دیا جبکہ عزاداروں نے ماتم کیا۔ اس موقع پر عزاداروں کی کثیرتعداد جلوس اور مجلس میں شریک ہوئی۔ اسی طرح لاہور کے دیگر علاقوں میں بھی مجالس عزاء اور جلوس ہائے عزاء برآمد ہوئے۔ جلوسوں کے راستے میں شربت اور ٹھنڈے پانی کی سبیلیں لگائی گئی تھیں