
میکرون نے بھی نیتن یاہو کو غرب اردن پر قبضے سے روک دیا
شیعہ نیوز (پاکستانی خبر رساں ادار ہ )فرانس کے صدر نے صیہونی وزیر اعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غرب اردن کے تیس فیصد علاقوں کو اسرائيل میں ضم کرنے کے منصوبے پر عمل نہ کریں۔
برطانیہ کے وزیر اعظم کی جانب سے صیہونی حکومت کو اس منصوبے پر عمل درآمد سے روکے جانے کے بعد اب فرانس کے صدر نے بھی اسرائيل سے یہی مطالبہ کیا ہے۔ فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق فرانس کے ایوان صدر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امانوئيل میکرون نے صیہونی حکومت کے وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو سے ٹیلی فونی رابطہ کر کے ان سے کہا ہے کہ وہ غرب اردن کے بعض علاقوں پر قبضہ کرنے کے منصوبے پر عمل درآمد کو نظر انداز کر دیں۔
اس بیان میں کہا گيا ہے کہ میکرون نے نیتن یاہو سے زور دے کر کہا کہ ان کا ملک مشرق وسطی میں امن کا پوری طرح سے حامی ہے اور انھیں فلسطینیوں کی اراضی کو اسرائيل میں ضم کرنے کے ہر اقدام سے اجتناب کرنا چاہیے۔ فرانس کے ایوان صدر نے اپنے بیان میں مزید بتایا ہے کہ میکرون نے زور دے کر کہا ہے کہ اسرائيل کا یہ اقدام، عالمی قوانین کے خلاف ہے اور دو ریاستی حل کو خطرے میں ڈال سکتا ہے اور اسی طرح اسرائيلیوں اور فلسطینیوں کے درمیان پائيدار اور منصفانہ قیام امن کو بھی دشوار بنا سکتا ہے۔