
اسلامی ممالک اسرائیل سے تعلقات منقطع کرکے دینی غیرت اور انسانی حمیت کا ثبوت دیں، امام جمعہ تہران
شیعہ نیوز:تہران کے امام جمعہ آیت اللہ احمد خاتمی نے نماز جمعہ کے خطبوں میں مسلم ممالک سے غزہ کی حمایت کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ صیہونی حکومت نے گزشتہ ایک سال میں 50 ہزار افراد کو شہید اور لاکھوں لوگوں کو بے گھر کردیا ہے لیکن نام نہاد مسلم ممالک نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں عرب ممالک سے کہتا ہوں کہ تم جو اپنے آپ کو عرب سمجھتے ہو، تمھاری قومی حمیت کہاں ہے؟ بعض عرب ممالک نے ابھی تک صیہونی رژیم سے تعلقات منقطع نہیں کیے! وہ مسلمانوں کو بھوکا پیاسا مار رہی لیکن بعض عرب ممالک اس قاتل رژیم کے ساتھ تعلقات بڑھا رہے ہیں۔
خلیج فارس اسلام سے پہلے بھی خلیج فارس تھی
امام جمعہ تہران نے کہا کہ ہمارے عوام ٹرمپ کو خلیج فارس کا نام تبدیل کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ خلیج فارس اسلام سے پہلے بھی خلیج فارس تھی جس کی تاریخی شناخت کو تبدیل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ قدیم رومی مورخین نے خلیج فارس کو بحیرہ فارس کہا ہے اور عربی منابع میں اسے "الخلیج الفارسی” اور "بحر الفارسی” بھی کہا جاتا ہے۔ ہم اپنے پڑوسیوں سے توقع کرتے ہیں کہ وہ اس سلسلے میں ٹرمپ کو بتائیں گے کہ ہم ان غلط اقدامات سے متفق نہیں ہیں اور یہ خلیج فارس ہے اور ہمیشہ رہے گی۔
آیت اللہ خاتمی نے یمنی مزاحمت کے بارے میں کہا کہ امریکہ تقریبا تین ماہ سے یمن پر حملہ کر رہا ہے اور اس عرصے میں اس نے 117 عام شہریوں کو شہید اور 231 کو زخمی کیا ہے، لیکن امریکی یمن سے آہستہ آہستہ پیچھے ہٹ رہے ہیں، یمنی عوام نے درجنوں امریکی ڈرون مار گرائے ہیں اور امریکی بحریہ کو شکست فاش ہوئی ہے۔
انہوں نے پاک بھارت جنگ کے بارے میں کہا کہ سچ پوچھیں تو یہ ایک نادرست جنگ ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ یہ جنگ جلد از جلد ختم ہو جائے گی کیونکہ جنگ میں بے گناہ لوگ مارے جاتے ہیں۔