تکفیریت کا لغو پروپیگنڈہ زمین بوس ہوگیا علامہ امین شہیدی
شیعہ نیوز: اربعین کے مرکزی جلوس سے امتِ واحدہ پاکستان کے سربراہ علامہ امین شہیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت ہمیں عزاداری سے نہیں روک سکتی۔ کالعدم جماعتوں کے مذموم حربے اور تکفیریت کا لغو پروپیگنڈہ آج زمین بوس ہوگیا ہے۔ مذہبی منافرت کا پرچار کرنے والی یزیدیت پرست قوتیں جو حسینیت کو محدود کرنا چاہتی تھیں، آج آکر دیکھ لیں کہ پاکستان کے کونے کونے میں یاحسین ؑکی صدائیں بلند ہو رہی ہیں۔ آج ہر گلی ہر محلہ "کل ارض کربلا” کا منظر پیش کر رہا ہے۔ آج کا اربعین اس عزم کا اظہار ہے کہ ارض ِپاک میں ناصبیت کے لیے کوئی گنجائش نہیں۔ حسینیت عشق کے معراج کا وہ جذبہ ہے، جو دبانے سے مزید ابھر کر سامنے آتا ہے۔ امام حسین علیہ السلام کسی مخصوص مسلک کی میراث نہیں ہیں۔ ہر باشعور بشر اور ہر وہ دل جس میں نبی کریم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت موجود ہے، اسے امام عالی مقام اور ذکر امام حسین علیہ السلام سے محبت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حسینیت فقط گریہ و زاری کا نام نہیں بلکہ عزاداری کے ساتھ ساتھ امام حسین علیہ السلام کی پیروی کرتے ہوئے ہر دور کے یزید کو للکارنے کا نام ہے۔ ہم کربلائی فکر کے پیروکار ہیں۔ ہمیں یزیدی، نمرودی اور شدادی قوتیں کبھی سرنگوں نہیں کرسکتیں۔ دنیا بھر کے حق پرست آج عالمی استکبار و استعمار اور طاغوت کے خلاف برسرِپیکار ہیں۔ اُن کا عزم و حوصلہ ہمیشہ کی طرح آج بھی اٹل اور مضبوط ہے۔ حُسینیت حق کا ساتھ دینے کا نام ہے، جو کوئی باطل کا سامنا کرنے سے کترائے، وہ کبھی حُسینی نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ملتِ تشیع نے ہمیشہ اپنے عمل سے یہ ثابت کیا کہ وہ پُرامن قوم ہے۔ جلوسِ عزاء میں لاکھوں عزادار شریک ہوتے ہیں، لیکن کبھی کسی بھی مقام پر ایک پتے کو بھی آنچ نہیں پہنچتی۔ یہی ہمارے مہذب اور باشعور ہونے کی سب سے بڑی دلیل ہے۔