حماس کی ثابت قدمی سے اسرائیل کو ذلت و شکست کا سامنا کرنا پڑا، حافظ ریاض حسین نجفی
شیعہ نیوز:وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے کہا ہے کہ اسلام نے دعوتِ توحید کی بنا پر دنیا بھر میں غلبہ حاصل کیا۔ مسلمان دنیا پر حاکم رہے۔ جب توحید کا دامن ہاتھ سے چھوڑا تو اب مسلمانوں جیسی بے چاری قوم دنیا میں کوئی نہیں۔ اسلام کی بجائے فرقوں پر زیادہ زور دینے کی وجہ سے امت پر زوال آیا۔ انگریزوں نے نئے فرقے بنائے۔ جامع علی مسجد جامعۃ المنتظر ماڈل ٹاﺅن میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عربوں نے تعصب کی وجہ سے 1967ء میں اسرائیل سے شکست کھائی۔
عرب خود کو سب سے بہتر سمجھتے ہیں۔ یہ سوچ غلط ہے۔ اب مسلمانوں کی بے بسی کا یہ عالَم ہے کہ اکیلا اسرائیل 57 مسلمان ممالک پر بھاری ہے۔ اس نے فلسطین کو تباہ و برباد کر دیا ہے۔ البتہ حماس کی ثابت قدمی سے اسرائیل کو بھی ذلت و شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ او آئی سی غیر موثر ہوچکی ہے۔ مسلمان اب بھی ہوش میں آئیں، اللہ کی طرف رجوع کرکے سابقہ امتوں کے انجام سے عبرت حاصل کریں۔ جو قوم اللہ کو بھلا دیتی ہے تو اللہ بھی اسے بھلا دیتا ہے اور وہ مختلف عذابوں اور بلاﺅں کا شکار ہو جاتی ہے۔